معاشرے میں برداشت، صبروتحمل کا فروغ، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے ٹولرینٹ پاکستان میڈیا نیٹ ورک لانچ کردیا

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف، چیئرمین ایچ ای سی، یورپی یونین، رشیا، بلجیم، آذربائیجان، ماریشس کے سفراء کرام کی خصوصی شرکت

منگل 16 مئی 2017 22:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2017ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق کی فراہمی سرفہرست ہے، وہ پاکستانی معاشرے میں برداشت، رواداری اور تحمل کے فروغ کیلئے اپنی نوعیت کے منفرد صحافتی فورم ٹولرینٹ پاکستان میڈیا نیٹ ورک کی تقریبِ رونمائی سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے، تقریب کا انعقاد بانی سرپرست ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز میں کیا تھا۔

اپنے خیرمقدمی کلمات میں ڈاکٹر رمیش وانکوانی ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی کا دارومدار برداشت ، تحمل اور مثبت رویوں پر ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ انکی سولہ سالہ پارلیمانی جدوجہد کا محور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی گیارہ اگست 1947؁ء کی تقریر کے تناظر میں ایک پرامن معاشرے کا قیام یقینی بنانا ہے ، انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ کم از کم ایک دن مہینے میں معاشرے میں مثبت اقدار کے فروغ کیلئے وقف کریں،اس موقع پرانہوں نے ایچ ای سی کے اشتراک سے مختلف یونیورسٹیوں میں تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ شروع کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ٹولرینٹ پاکستان میڈیا نیٹ ورک کیلئے صباح الدین قاضی کو فوکل پرسن نامزد کرنے کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے آگاہ کیا کہ میڈیا نیٹ ورک کا لوگو معاشرے کے مختلف طبقات کے مابین قریبی تعاون کی اہمیت اجاگر کرتا ہے، انہوں نے بطور خاص یورپی یونین، بیلجیم، رشیا، ماریشس اور آذر بائیجان کے سفراء کرام کا شکریہ ادا کیا ، یورپی یونین کے سفیر جین فرانسس کاٹن نے اپنے خصوصی خطاب میں یورپ کی ایک پرامن معاشرے کے قیام کیلئے کی جانے والی طویل جدوجہد پر روشنی ڈالی، معزز سفیر کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کی 28ممبر ریاستوں میں کسی قسم کا تعصب برداشت نہیں کیا جاتا۔

دوران تقریب چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر فوزیہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کی شخصیات نے برداشت، صبر و تحمل پر مبنی پاکستانی معاشرے کیلئے اپنی تجاویز کا تبالہ کیا، اس موقع پر میڈیا نمائندوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔