صوبائی حکومت تعلیم، صحت، آبنوشی کیساتھ زراعت کے شعبے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، پہلی مرتبہ 5ارب روپے کی لاگت سے زرعی یونیورسٹی قائم کی جارہی جس سے زراعت کے شعبے میں انقلاب برپا ہوگا

سیکرٹری زراعت عبدالرحمان بزدار کا کسان کانفرنس سے خطاب

منگل 16 مئی 2017 23:02

بارکھان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2017ء) سیکرٹری زراعت عبدالرحمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت، آبنوشی اور دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ زراعت کے شعبے پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ بلوچستان میں 70فیصد لوگوں کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے لہٰذا اس کو جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیرہے جبکہ ملک کی جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ 30سے 35فیصد ہے، زراعت صوبے کی معیشت میں نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

وہ منگل کو محکمہ زراعت کے زیراہتمام منعقدہ کسان کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ضلع بارکھان کے زمینداروں، کسانوں اور محکمہ کے حکام کی بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔ صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تہیہ کررکھا ہے کہ صوبے کے ہر ضلع میں کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، موجودہ صوبائی حکومت تاریخ میں پہلی مرتبہ پانچ ارب روپے کی خطیر لاگت سے زرعی یونیورسٹی قائم کررہی ہے جس سے صوبے میں زراعت کے شعبے میں انقلاب برپا ہوگا اور اس زرعی یونیورسٹی کے تعلیم یافتہ نوجوان اس شعبے میں گرانقدر خدمات انجام دے سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے کسانوں کی ترقی کے لئے 200بلڈوزر فراہم کئے ہیں جو کہ صوبے کے تمام اضلاع میں تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ اب تک 71بلڈوزر خریدے جاچکے ہیں جبکہ دو بلڈوزر ضلع بارکھان کے لئے مختص کردیئے گئے ہیں جبکہ مزید بلڈوزر بھی جلد فراہم کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھی کینال سے صوبے کے مختلف اضلاع کو پانی کی فراہمی کی جائے گی۔

ان اضلاع میں ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد، جھل مگسی شامل ہیں جس سے سواسات لاکھ ایکڑ اراضی زیرآب آسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت صوبے کے کسانوں اور زمینداروں کو جدید طریقہ زراعت کے استعمال کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے جس کی واضح مثال صوبے کے تمام اضلاع میں کسان کانفرنسوں کا انعقاد ہے۔ ان کانفرنس کے انعقاد سے عملہ کو کسانوں اور زمینداروں کے مسائل سے آگاہی حاصل ہورہی ہے جس کی بناء پر صوبائی حکومت کسانوں اور زمینداروں کے مسائل کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے۔

عبدالرحمن بزدار نے کہا کہ آج کی کانفرنس میں شریک کسانوں اور زمینداروں دلچسپی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ ہمارے صوبے کے کسان اور زمیندار بھائی صوبے کی معیشت میںنہایت اہم کردار ادا کررہے ہیں اور صوبائی حکومت ان کے مسائل اور مشکلات کے حل کے لئے ہرممکن تعاون کرے گی۔ کانفرنس سے محکمہ کے ڈائریکٹر جنرلز اور کسانوں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور محکمہ کی جانب سے جدید زراعت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :