حمزہ شہباز گولڈ کپ ٹورنامنٹ سے کئی ہونہار کرکٹر سامنے آئے ہیں، منٹو پارک کرکٹ منصوبہ رواں ماہ کے آخر میں مکمل ہوگا.خواجہ ندیم

منگل 16 مئی 2017 23:23

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2017ء) صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے حمزہ شہباز گولڈ کپ کے شاندار انعقاد اور کامیابی پر تمام الیکٹرانک و پرنٹنگ میڈیا، براڈ کاسٹرز، اسپانسرز، ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین وقار المنیر، عمران بچہ ، نوشاد احمد، سپورٹس بورڈ پنجاب اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

خواجہ ندیم احمد کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز ٹورنامنٹ کا مقصد شہر میں 50اوورز کی کرکٹ کو فروغ دینے کے ساتھ چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا تھا جس میں اللہ تعالی نے ہمیں کامیابی عطا فرمائی اور کئی ہونہار کرکٹرز ابھر کر بھی سامنے آئے ہیں۔ صدر لاہور ریجن نے حمزہ شہباز گولڈ کپ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین اور سلیکشن کمیٹی کی عمدہ ورکنگ کی بھی تعریف کی۔

(جاری ہے)

خواجہ ندیم احمد کا کہنا تھا کہ ایل آرسی اے آئندہ بھی اس طرز کے انڈر 19اور سینئر کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا ارادہ رکھتی ہے ان کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے کھیلوں کے فروغ میں انہتائی احسن اقدام اٹھائے ہیں جن میں سے ایک ایل سی سی اے گراونڈ میں فلڈ لائٹس کی تنصیب کی منظوری بھی شامل ہے فلڈ لائٹس کی تنصیب کے بعد ایل سی سی اے گراونڈ میں نائٹ کرکٹ کا اہتمام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگاجس سے کئی نوجوان کرکٹرز مستفید ہوں گے ۔

خواجہ ندیم احمد نے منٹو پارک میں کرکٹ کی سرگرمیاں بحال کرانے پر بھی رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کا شکریہ ادا کیا ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کی ذاتی دلچسپی اور کاوش کی وجہ سے منٹو پارک میں کرکٹ گراونڈاور کرکٹ نیٹس کی بحالی کا منصوبہ رواں ماہ کے آخر میں پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا جس سے نارتھ زون لاہور کے 25سے 30کرکٹ کلبزکے سینکڑوں کرکٹرز مستفید ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :