میاں صاحب ایک سال پورا کرینگے یا نہیں، یہ اللہ کو پتہ ہے ، آصف زرداری

عمران خان سے کوئی میچ نہیں، اصل میچ دھرتی کیلئے ہے، خیبر پختونخوا میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی، اصل میچ دھرتی کیلئے ہے،وزیر اعظم نیویارک ٹائمز میں چھپے آرٹیکل کا جواب دیں، میں نے اپنے وقت میں چین کے جتنے دورے کئے اتنے نوازشریف نے نہیں کئے‘ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف زرداری کی اے این پی رہنما غلا م احمد بلور سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو‘ الیاس بلور سے بھی ملے پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ شہدائے اے پی ایس کے والدین سے ملاقات میں آبدید ہ ہوگئے

منگل 16 مئی 2017 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2017ء) مفاہمتی سیاست کے سب سے بڑے کھلاڑی اورپیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف ایک سال پوراکرینگے یا نہیں یہ تو اللہ کو پتہ ہے ، پشاور کے لوگوں نے بہت محبت دی ہے، عمران خان سے ایک اننگز کا میچ نہیں ہے، خیبر پختونخوا میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی، عمران خان سے کوئی میچ نہیں، اصل میچ دھرتی کیلئے ہے،وزیر اعظم کو نیویارک ٹائمز میں چھپے آرٹیکل کا جواب دینے کی بھی نصیحت کر دی۔

منگل کو پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی غلام احمد بلور کے گھر پہنچے اور ان کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کی۔ ان کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، قائم علی شاہ، قمر زمان کائرہ اور پارٹی کے دیگر مرکزی عہدیدار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہاکہ تحریک انصاف کے ساتھ صرف ایک اننگز کا میچ نہیں ہے، اصل میچ دھرتی کیلئے ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پشتونوں نے ہمیشہ بہت پیار دیا، مستقبل میں بھی آتا رہوں گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب ایک سال پورا کرینگے یا نہیں یہ تو اللہ کو پتہ ہے لیکن انہیں نیویارک ٹائمز میں چھپنے والے ایک اور آرٹیکل کا جواب ضرور دینا چاہئے۔ایک سوال کے جواب میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے وقت میں چین کے زیادہ دورے کئے تھے، میاں صاحب نے اتنے دورے نہیں کئے۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور سینیٹ میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ،ْ سینئر پارلیمنٹرین اور بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور کے درمیان بلور ہائوس پشاور میں بھی ملاقات ہوئی ۔ اس موقع پر سینیٹر الیاس احمد بلور نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق دور حکومت میں اُن کی سفارش پر خیبر پختونخوا اور فاٹا کی بزنس کمیونٹی کو مختلف ٹیکسوں اور بینک مارک اپ میں ریلیف دینے کے لئے 3سالہ مالیاتی پیکیج کے اعلان ،ْ پاکستان کے آئین میں اٹھارویں ترمیم اور صوبہ سرحد کو خیبر پختونخوا کا نام دینے سمیت دیگر اقدامات پر آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا ۔

سابق سینئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور کی شہادت پر فاتحہ خوانی کیلئے بلور ہائوس کے دورہ کے موقع پرپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹ آف پاکستان میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے سابق دور حکومت میں خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی اور عوام کو جو ریلیف ملا وہ قابل ستائش ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بحیثیت لیڈر بزنس مین فورم اور ملک کی بزنس کمیونٹی کا نمائندہ ہونے کے ناطے انہوں نے آصف علی زرداری کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے متاثرہ بزنس کمیونٹی کو ریلیف دینے کے لئے جو سفارشات پیش کیں وہ انہوں نے من و عن تسلیم کی اور انکم ٹیکس میں 3 سال کی چھوٹ ،ْ سیلز ٹیکس کی شرح نصف کرنے اور بینک مارک اپ جو کہ اس وقت 17 سے 18 فیصد تھا کو سات فیصد کرکے تین سال کیلئے مالیاتی پیکیج کا اعلان کیا گیا جس کے لئے وہ اور صوبے کی بزنس کمیونٹی اُن کی مشکور ہیں۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ بزنس سے ہٹ کر آصف علی زرداری نے سرحد کو خیبر پختونخوا کا نام دیا اور اُنہی کی سفارش پر پشاور ایئر پورٹ کو باچا خان ایئرپورٹ کا نام دیکر پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے اُن کی عزت کی جس کے لئے وہ اُن کے بے حد مشکور ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی نے بھی پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کا مکمل ساتھ دیا اور ہر معاملے میں پیپلزپارٹی کی سابق حکومت کو مکمل سپورٹ کیا ۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے موجودہ وفاقی حکومت سے بھی درخواست کی کہ بزنس فرینڈلی حکومت ہونے کے ناطے وزیراعظم نوازشریف بھی خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کو ریلیف دلانے کے لئے نئے مالیاتی پیکیج کا اعلان کریں جس کے لئے سفارشات پہلے ہی وفاقی حکومت کو پیش کی جاچکی ہیں۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے آصف علی زرداری کا بلور ہائوس آکر شہید بشیر احمد بلور کی شہادت پر فاتحہ خوانی کرنے پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا ۔ بعد ازاں، سابق صدر آصف علی زرداری نے اے پی ایس شہدا کے والدین سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران شہید بچوں کے ذکر پر آصف زرداری آبدیدہ ہو گئے۔