وفاقی حکومت حقیقی مسائل کی طرف توجہ دے، چھوٹے صوبوں کے اندر پیدا احساس محرومی ختم کیا جائے، آفتاب شیرپائو

منگل 16 مئی 2017 13:55

وفاقی حکومت حقیقی مسائل کی طرف توجہ دے، چھوٹے صوبوں کے اندر پیدا احساس ..
بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2017ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک کو درپیش حقیقی مسائل کی طرف توجہ دے، افغانستان اور ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے سمیت چھوٹے صوبوں کے اندر پیدا احساس محرومی کم کرے، چھوٹے موٹے مسائل کے باعث اہم قومی اور عوامی مسائل پس پشت چلے گئے ہیں، ہمیں مزید وقت ضائع کئے بغیر عوام کے حقیقی مسائل کی طرف توجہ دینی چاہئے۔

وہ گذشتہ روز الائی میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ضلع کے نامی گرامی سیاسی و سماجی شخصیات حاجی سرفراز خان، اورنگزیب میاں اور شمس الرحمن نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام کو فوری طور پر قومی دھارے میں لانے اور سی پیک جیسے اہم منصوبہ کے ثمرات سے صوبہ کے عوام کو مستفید کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

آفتاب شیرپائو نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی علاقہ میں مزید موثر قوت بنے گی اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ قومی وطن پارٹی عوام کی مقبول جماعت ہے اور 2013ء کے انتخابات مین عوام نے ہماری جماعت پر جس اعتماد کا اظہار کیا تھا ہم اس پر پورا اترے ہیں اور آئندہ بھی عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحفظات میں تنائو دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں ہے، تمام مسائل کا حل سفارتی ذریعہ سے نکالا جائے، فاٹا اور خیبر پختونخوا کا انضمام وقت کا تقاضا ہے، کوئی بھی عارضی طریقہ کار قبائلی عوام کے مسائل کا حل نہیں ہے۔