کچھ عناصر سی پیک منصوبے کو ناکام بنانا چاہتے ہیں ،ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں دیکھنا چاہتے ، گورنرسندھ محمد زبیر

سیاسی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں ،سندھ میں جمہوری اور عوامی حکومت ہے ،جائز احتجاج ،تنقید جمہوریت کا حسن ،ریڈ زون کی خلاف ورزی کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جائیگی،نثار کھوڑوسینئر صوبائی وزیر

پیر 15 مئی 2017 21:56

کچھ عناصر سی پیک منصوبے کو ناکام بنانا چاہتے ہیں ،ملک کو ترقی کی راہ ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کچھ عناصر سی پیک منصوبے کو ناکام بنانا چاہتے ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو مگر ان ملک دشمن عناصر کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ان کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم ڈرنے والی نہیں ہمارے حوصلے بلند ہیں عوام کی طاقت سے تمام سازشوں کو ناکام بنادیا جائیگا، ان کا سیاست سے کو ئی تعلق نہیںہے وہ صرف وفاق کے نمائندے کے طور پر کام کررہے ہیں، حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کی نہ صرف سندھ و پاکستان بلکہ برصغیر کے لوگوں کے لیے بڑی خدمات ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہون شریف میں حضرت سخی لعل شہباز قلندرؒ کے 765 ویں سہہ روزہ سالانہ عرس کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ سندھ ہمیشہ سے امن کا گہوارا رہا ہے لیکن کچھ عناصر امن امان کی صورتحال میں خلل ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں جن سے سختی سے نمٹا جائیگا، انہوں نے کہا کہ آپ ؒ کا مزار مبارک تمام انسانیت کے لیے محبت اور بھائی چارے کی نشانی ہے یہی سبب ہے کہ گزشتہ بم دھماکے کے باوجود زائرین بغیر خوف و حراس اتنی بڑی تعداد میں ملک کے کونے کونے سے آکرمزار شریف پر حاضری اور اپنی عقیدت کا اظہار کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ درگاہ لعل شہباز قلندر پر انتہائی خوفناک بم دھماکا ہونے کے باوجود آج لوگوں کے اتنے بڑے ہجوم کو دیکھ کر یہ پیغام ملا ہے کہ قلندر لعل شہباز کے عقیدتمند ایسے دھماکوں سے ڈرنے والے نہیں، انہوں نے کہا کہ بم دھماکے کے بعد سندھ حکومت خصوصی طورپر وزیر اعلیٰ سندھ اور ان کی کابینہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات قابل تعریف ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ کریڈٹ سندھ حکومت کو جاتا ہے جنہوں نے آج کی اس تقریب کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی و تسلی بخش انتظامات کیے ہیں - سندھ حکومت نے دہشت گردی کے واقع کے بعد جو اقدامات اٹھائیں ہیں ان سے ہم مطمئن ہیں، بم دھماکے کے متاثرین کو اب تک معاوضہ نا دینے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں لیٹر جاری ہوچکا ہے اور عرس مبارک کے بعد اس پر عملدرآمد ہوجائیگا۔

سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سیاسی سرگرمیوں پر کوئی بھی پابندی نہیں ہے اس وقت سندھ میں جمہوری اور عوامی حکومت ہے اور جائز احتجاج اور تنقید جمہوریت کا حسن ہے مگرریڈ زون کے خلاف ورزی کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جائیگی، اس موقع پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ ،وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اوقاف سید غلام شاہ جیلانی بھی موجود تھے۔قبل ازیں گورنر سندھ محمد زبیر ، سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو ، ، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ ، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اوقاف سید غلام شاہ جیلانی ، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد سعید احمد منگینجو ، ڈپٹی کمشنر جامشورو منور علی مہیسر و دیگر کے ہمراہ درگاہ شریف پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔