ملک کے اندر اور باہر محبتیں ختم ، نفرتیں بڑھ رہی ہیں ، مشال خان کے قتل عدم برداشت کی بدترین مثال ہے ، بچوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکنے کے لئے تعلیم نہیں دی جاتی

مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کی میڈیا سے گفتگو

پیر 15 مئی 2017 22:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا ہے کہ ملک کے اندر اور باہر محبتیں ختم ، نفرتیں بڑھ رہی ہیں ، مشال خان کے قتل عدم برداشت کی بدترین مثال ہے ۔ بچوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکنے کے لئے تعلیم نہیں دی جاتی ۔ وہ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے پڑھے لکھے ماحول میں عدم برداشت پروان چڑھ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

مشال خان کے قتل نے بھی ہماری آنکھیں کھولیں ۔ پارلیمانٹ کے مقدس ایوان میں کوئی اس پر بات کرنے کو تیار نہیں ۔ وہ ادارے جنہوں نے معاشرے کو صبر و تحمل اور برداشت سکھانا ہے وہ ادارے سکھا نہیں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اینکرز مہینے میں ایک گھنٹے کا پروگرام تحمل اور برداشت پررکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا ہر مذہب پر امن رہنے کا درس دیتا ہے ۔ تاہم ہمارے بچوں کو انسانی حقوق پر عملدرآمد کے حوالے سے تعلیم نہیں دی جاتی ۔ ملک کے اندر بھی اور باہر بھی نفرتیں بڑھ رہی ہیں محبتیں کم ہو رہی ہیں ۔ ہمیں محبتیں بڑھانا ہو گی ۔ …(م د+ار)