ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے مسیحی برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے، مئیر راولپنڈی سردار نسیم خان

پیر 15 مئی 2017 23:27

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2017ء) میئر راولپنڈی سردار نسیم خان نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے مسیحی برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے خصوصا صحت،تعلیم اور سماجی بہبود کے شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات قابل تعریف ہیں، پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں محب وطن اوروطن عزیز کی ترقی خوشحالی اور استحکام کیلئے ہر دم کوشاں ہیں، موجودہ جمہوری حکومت آئین پاکستان کے مطابق اقلیتوں کے تحفظ کیلئے پُر عزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پُر فضل کلیسیائ( چرچ )کے زیر اہتمام کرسمس،ایسٹر اور دیگر مذہبی تہواروں پر سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کرنے پر پولیس،انتظامیہ اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اراکین میں تقسیم ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب کے میزبان پاسٹر پرویز سہیل،سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ایاز،ایس پی صدر افتخار الحق،جرمایا پرویز،سید اظہار بخاری،چیف سیکیورٹی آفیسر طاہر عباس بخاری،ڈی ایس پی سپیشل برانچ طاہر انیس،ڈی ایس پی نیو ٹائون سرکل ملک محمد افسر، ڈی ایس پی وارث خان سرکل ضیغم عباس،اور ڈی ایس پی سٹی سرکل سرداربابر ممتاز سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پاسٹر پرویز سہیل نے کہا ہے کہ انتظامیہ ، پولیس اور دیگر معاون اداروں نے مسیحی مذہبی تہواروں کے موقع پر راولپنڈی میں امن و امان اور سلامتی کے لئے ہر ممکن تعاون کرکے پرامن ماحول اور فضاء قائم رکھنے میں مدد دی ہے ۔ مسیحی برادری انتظامیہ کی ان کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پاکستان کی تمام اقلیتیں وطن عزیز کی ترقی خوشحالی اوراستحکام کے لئے ہر دم کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو ملک کامفادہر شے سے زیادہ عزیز ہے اوروہ افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ سیاسی قیادت اور مقامی انتظامیہ کی ان کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن سے ملک میں دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملی ہے اور امن و امان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اس موقع پر ایس پی صدر افتخار الحق نے کہاکہ انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے ہرتہوار اور قومی آیام پر خصوصی سیکورٹی پلان مرتب کیا جاتا ہے جس پر عملدر آمد کے لئے تمام اداروںکا تعاون حاصل کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :