Live Updates

عمران خان کی جانب سے ممتاز بھٹو کو شمولیت کی دعوت کے بعد مثبت پیشرفت جاری ‘ ذرائع

ملاقات میں پیش کی گئی شرائط پر آمادگی کاعندیہ ملنے کے بعد ممتاز بھٹو نے پارٹی میں مشاورت کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کر دی

پیر 15 مئی 2017 19:24

عمران خان کی جانب سے ممتاز بھٹو کو شمولیت کی دعوت کے بعد مثبت پیشرفت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2017ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے سندھ نیشنل فرنٹ کے سربراہ سردار ممتاز علی بھٹو کو شمولیت کی دعوت کے بعد مثبت پیشرفت جاری ہے ،ملاقات میں پیش کی گئی شرائط پر آمادگی کاعندیہ ملنے کے بعد ممتاز بھٹو نے اپنی پارٹی میں مشاورت کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ حتمی فیصلہ ممتاز بھٹو کی بیرون ملک سے وطن واپسی پر ہوگا ۔

ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سردار ممتاز علی بھٹو نے عمران خان کو دورہ سندھ کے دوران ہونے والی ملاقات میں شمولیت کی پیشکش پر کچھ شرائط پیش کی تھیں جن کے مطابق پیپلز پارٹی سے کسی بھی سطح پر اتحاد نہیں ہوگا ، اقتدار میں آنے کی صورت میں بینظیر بھٹو شہید کے قتل کی نئی ایف آئی آر او ر تحقیقات کرائی جائیں گی جبکہ کرپشن کرنے والوں کا بلا امتیاز کڑا احتساب کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ایک مرکزی رہنما نے سردار ممتاز بھٹو کے بیرون ملک ہونے کے باعث ان کے صاحبزادے امیر بخش بھٹو سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے شرائظ پر آمادگی کا عندیہ دیتے ہوئے مستقبل کے حوالے سے بات کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق بیرون ملک موجود ممتاز بھٹو کو رابطے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے جس کے بعد انہوںنے پارٹی کے اندر اوراپنے ہمدردوں سے مشاورت کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ حتمی فیصلہ ان کی رواں ماہ کے آخری ہفتے بیرون ملک سے وطن واپسی پر تمام ذمہ داروں کے اجلاس میں کیا جائے گا ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ نیشنل فرنٹ کو تحریک انصاف میں ضم کرنے کی تجویز پر مشاورت ہو گی ۔یاد رہے کہ ممتاز بھٹو اس سے قبل اپنی جماعت کو (ن) لیگ میں بھی ضم کر چکے ہیں تاہم (ن) لیگ کی طرف سے وعدے پورے نہ کئے جانے پر سندھ نیشنل فرنٹ کو دوبارہ بحال کر لیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :