پنگریو، زیریںسندھ کے سینکڑوں دیہاتوں ، قصبوں اور شہروں میںمٹی کا طوفان ،معمولات زندگی متاثر

پیر 15 مئی 2017 18:38

پنگریو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2017ء) پنگریو اور زیریںسندھ کے دیگر سیکڑوں دیہاتوں ، قصبوں اور شہروں میں پیر کے روز سارا دن مٹی کا زبردست طوفان چلتا رہا جس کی وجہ سے زیریںسندھ بھر میں معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے پنگریو ، شادی لارج، نندو، کھوسکی، ٹنڈو باگو، کڈھن، لواری شریف، مٹھی تھری، ونگو، نوکوٹ، بھگڑا میمن، سیرانی ، جھڈو، حیات خاصخیلی، ملکانی شریف، خلیفو قاسم، ڈیئی، کھڈھرو ، تلہار ، راجو خانانی، ٹنڈو غلام علی ، حاجی ساون اور دیگر شہروں ، قصبوں و دیہاتوں میں مٹی کی برسات سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ طوفانی ہوائوں کے باعث بجلی اور مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہوا کئی علاقوں میں بجلی کی تاریں گرنے کے باعث گزشتہ کئی گھنٹوں سے درجنوں قصبوں اور دیہاتوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے دیہاتی علاقوں میں چھپرے اور درخت گرنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں زبردست طوفان کے باعث آموں ، چیکو فالسے کے باغات ، پھٹی، دھان،گنے اور دیگر فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے باغبان اور کاشت کار شدید پریشانی کا شکار ہیں زرعی ماہرین نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ مٹی اور گر دوغبار کے طوفان کے باعث زرعی فصلیں جلد خشک ہو جاتی ہیں اور انہیں پانی کی زیادہ ضرورت پڑتی ہے مٹی اور گرد وغبار کے طوفان کے باعث روڈ راستوں پر ٹریفک معمول سے کم دکھائی دے رہی ہے جبکہ تجارتی اور کاروباری مارکیٹوں میں بھی رش بہت کم ہے مٹی کے طوفان کے باعث آشوب چشم، دمے اور الرجی کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ساحلی علاقوں میں ہر طرف مٹی کے بادل چھائے نظر آتے ہیں جبکہ سمندری پانی کافی اوپر آگیا ہے مٹی اور گرد وغبار کے طوفان کے باعث سرکاری دفاتر خاص طور پر اسکولوں میں حاضری معمول سے کم رہی زیریںسندھ بھر میں ہر طرف آسمان پر مٹی کے بادل چھائے دکھائی دیئے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مٹی اور گر دوغبار کے طوفان کے دوران کھانے پینے کی اشیاء ڈھانپ دینی چاہیئے جبکہ ڈسٹ الرجی، دمے اور آنکھوں کے امراض کے شکار افراد کو غیر ضروری طور پر باہر نہیں نکلنا چاہیئے کیوں کہ اس سے ان کے مرض کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے گردوغبار کے طوفان کے باعث چشموں کی فروخت میں اضافہ ہو گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :