تمام جماعتیں سب کچھ چھوڑ کر پانامہ لیکس کی جے آئی ٹی پر توجہ اور پہرہ دیں ، پرویز الٰہی

ڈان لیکس کو چھوڑیں نوازشریف چوتھی بار بھی ٹکرانا چاہتے تھے لیکن پاک فوج نے اپنی گاڑی بچا لی کہ کوئی اور گاڑی ڈھونڈ کر اس کے نیچے آئو،سابق نائب وزیراعظم پاکستان کا ہر فرد پاک افواج کی عزت و وقار کیلئے ان کے ساتھ کھڑا ہے، فیصل آباد ورکرز کنونشن سے خطاب

اتوار 14 مئی 2017 22:00

!لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تمام جماعتیں سب کچھ چھوڑ کر پانامہ لیکس کی جے آئی ٹی پر توجہ بلکہ پہرہ دیں، ڈان لیکس کو چھوڑیں نوازشریف چوتھی بار بھی ٹکرانا چاہتے تھے لیکن پاک فوج نے اپنی گاڑی بچا لی کہ کوئی اور گاڑی ڈھونڈ کر اس کے نیچے آئو، پاکستان کا ہر فرد پاک افواج کی عزت و وقار کیلئے ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

وہ فیصل آباد میں عظیم الشان ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے نہایت کامیاب ورکرز کنونشن پر چودھری ظہیرالدین اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ زبردست اجتماع ہماری عوامی خدمات کا اعتراف ہے، موجودہ حکمران ہمارے کاموں کے سامنے دور دور تک نظر نہیں آتے، ڈان لیکس کے متعلق ہر کوئی بات کر رہا ہے، نوازشریف تو ٹکرانے کی بہت کوشش کر رہے ہیں لیکن میں کہتا ہوں کہ اب سواری اپنے سامان کی خود حفاظت کرے والا فارمولا استعمال کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلح فوج نے ہر موقع پر پاک دھرتی اور عوام کے جان و مال کی سب سے آگے بڑھ کر حفاظت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں اپنے مفادات چھوڑ کر جے آئی ٹی کی کارکردگی پر نظر رکھیں، اس کی ہر 15 روزہ کارروائی کی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بجلی بنانے کا وعدہ کرتے ہیں لیکن دوسری طرف 17ارب کے خرچہ سے 18میگاواٹ بجلی دینے والے بہاولپور سولر پراجیکٹ اور 100 ارب کے نندی پور پاور پلانٹ کو بھی ناکامی پر اونے پونے فروخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دونوں بھائیوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، صوبائی بجٹ کا 65فیصد کھا جانے والے جنگلہ بس اور اورنج لائن کے دو منصوبوں نے پنجاب کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تو سردرد کا علاج لندن کرانے بھاگ جاتے ہیں لیکن سرکاری ہسپتال تو برباد کر دئیے خود ان کے اپنے اتفاق ہسپتال کے وارڈوں میں بلیاں پھرتی ہیں، بڑے بھائی نوازشریف ہیلتھ کارڈ بانٹ رہے ہیں لیکن عوام ہیلتھ کارڈ لے کر علاج کروانے کہاں جائیں، ناکام آشیانہ سکیم سرکاری زمین پر بنائی گئی اور اس میں بھی کمیشن کھائی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ 18 روپے یونٹ ملنے والی بجلی اسی صورت سستی مل سکتی ہے کہ کالاباغ ڈیم بنے اس سے سندھ کو سب سے زیادہ پانی بھی ملے گا اور کسی صوبہ کا نقصان بھی نہیں ہو گا، زرعی ٹیوب ویل کا ہم آدھا بل دیتے تھے لیکن کالا باغ ڈیم سے کسانوں کو مفت بجلی بھی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی فیل سکیمیں کدھر ہیں، سرکاری سکول اور ہسپتال ٹھیکے پر دے رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اگر میں نے فیصل آباد میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے، صنعتیں بند نہیں ہونے دیں تو کوئی احسان نہیں کیا یہ ان کا حق تھا، عوام کا فرض ہے کہ وہ اپنے اور بیگانے کی پہچان کریں، شہبازشریف اورنج لائن اور جنگلہ بس کا پیسہ عوام کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے پر لگاتے تو آج صوبہ دو ہزار ارب کا مقروض نہ ہوتا، پاکستان مسلم لیگ کی حکومت دوبارہ آ کر خوشحالی کا دور وہیں سے شروع کرے گی جہاں رکا تھا۔

چودھری پرویزالٰہی نے ایک بار پھر حکمرانوں کو کھلا چیلنج دیا کہ آئو میرے کاموں سے موازنہ کر لو۔ طارق بشیر چیمہ ایم این اے نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے فیصل آباد کو کارڈیالوجی ہسپتال، انجینئرنگ یونیورسٹی، اتنی بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ اور 1122 جیسے تحفے دئیے لیکن شریف برادران نے سانحہ ماڈل ٹائون کا سرغنہ وزیر دیا جو ہوا میں گالیاں دیتا رہتا ہے۔

کنونشن میں پارٹی کے تمام ونگز سمیت ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی، پرجوش کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال رہے تھے، چودھری پرویزالٰہی پر کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، ہار پہنائے، اونٹ و گھوڑوں کا رقص پیش کیا اور پرندے آزاد کیے، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی، چودھری ظہیرالدین اور دیگر رہنمائوں کے حق میں زبردست نعرے بازی ہوتی رہی، پنڈال میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی، لوگوں کی بڑی تعداد باہر بھی کھڑی تھی، کنونشن کے دوران بجلی بند ہونے پر کارکنوں نے گو نواز گو کے زوردار نعرے لگائے۔

کنونشن میں ضیاء اللہ اور عطاء اللہ ایڈووکیٹ نے ن لیگ چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا تو چودھری ظہیرالدین نے مسلم لیگ چھوڑ کر جانے والوں کو واپس آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کیلئے بہترین موقع ہے۔ انہوں نے سپاسنامہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر محمد بشارت راجہ، قمر حیات کاٹھیا، عامر سلطان چیمہ، انجینئر شہزاد الٰہی، چودھری تیمور، میاں عمران مسعود، ڈاکٹر زین علی بھٹی، رانا محمد عظیم خان، رائے عبدالقار خان، حسن اختر اورا، ملک سرفراز اعوان، حق نوازسنگلہ، منور منج، قاضی احسان الحق گجر، احسان اللہ تارڑ، ملک شکیل سکندر اور دیگر مسلم لیگی رہنما موجود تھے۔

طارق بشیر چیمہ نے مزید کہا کہ پنجاب کے ہر شہر میں چودھری پرویزالٰہی کے کام بولتے ہیں، ان جتنی محنت کسی نے نہیں کی، کسانوں کیلئے چودھری پرویزالٰہی نے خزانے کے منہ کھول دئیے تھے، پاکستان کی خوشحالی اور پنجاب کی خوشحالی چودھری پرویزالٰہی کی وجہ سے ممکن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم قومی ملکی اداروں کی تذلیل برداشت نہیں کریں گے، ان کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار کھڑے ہیں۔