پشاور، امیر حیدر ہوتی جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنمااور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت

ہفتہ 13 مئی 2017 21:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اورسابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے کوئٹہ میں جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنمااور ڈپٹی چیئرمین سینٹ عبدالغفورحیدری کے قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیاسی لیڈر شپ کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہارکیاہے اورنہتے شہریوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کرتے ہوئے شہداء کی بلند درجات اورڈپٹی چیئرمین سینٹ سمیت تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا مانگی ہے۔

اے این پی کے صوبائی صدر جو ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں شہر برمنگھم سے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ حملہ بزدلانہ فعل ہے اور اس کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوںنے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اورشہداء کے خاندانوں سے دلی افسوس اور ہمدردری کا اظہار بھی کیاہے۔

(جاری ہے)

امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ دہشت گردی کے باعث ہونے والے بھاری جانی نقصانات کے باوجود ان واقعات پر حکومت کی عدم توجہی معنی خیز ہے ، انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر کوئی عملدرآمد نہیں ہو رہا جس کی وجہ سے مستقبل میں بڑی تباہی کے امکانات نظر آ رہے ہیں ۔

صوبائی صدر نے خودکش دھماکے میں متعدد درجنوں بے گناہ شہریوں کی شہادت اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ نہتے اور معصوم انسانوں کی جانیں لینے والے دہشتگرد کسی طور انسان کہلانے کے لائق نہیں اور ان کے مکروہ چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں ، انہوںنے کہا کہ دہشت گرد بوکھلاہٹ کے عالم میں ایسی مذموم کاروائیاں کر رہے ہیں تاہم حکومت کو چاہئے کہ انسانیت سوز کاروائیوں میں ملوث عناصر کی گرفتاری اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کرے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائے ، انہوں نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شہداء کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔