Live Updates

تحریک انصاف کی قیادت کی پارٹی رہنماؤں کو غنویٰ بھٹو ،ممتاز بھٹو و دیگر سیاسی شخصیات سے رابطے کی ہدایت

لیاقت علی جتوئی صوبے کی دیگر اہم شخصیات کی بھی تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے سرگرم ،عمران خان کے آئندہ دورہ سندھ میں اہم پیشرفت کا امکان ،ذرائع

ہفتہ 13 مئی 2017 20:45

تحریک انصاف کی قیادت کی پارٹی رہنماؤں کو غنویٰ بھٹو ،ممتاز بھٹو و دیگر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے سندھ میں جماعت کی بنیادیں مضبوط کرنے کے لیے پارٹی رہنماؤں کو پاکستان پیپلزپارٹی (شہید بھٹو) کی سربراہ غنویٰ بھٹو ،سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین ممتاز بھٹو اور دیگر سیاسی شخصیات سے رابطے کرنے کی ہدایت کی ہے ۔تحریک انصاف کی قیادت سمجھتی ہے کہ سندھ میں بہتر انتخابی نتائج کے لیے بھٹو خاندان کی اہم شخصیات کا پارٹی میں شامل ہونا انتہائی ضروری ہے ۔

اس ضمن میں پی ٹی آئی کے ایک مرکزی رہنما اور حال ہی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سندھ کے سابق وزیراعلیٰ اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔اس حوالے سے آئندہ چند روز میں اہم ملاقاتوں کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی قیادت آئندہ عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کی قیادت کا مرکز نگاہ اس وقت صوبہ سندھ ہے جہاں سے پچھلے انتخابات میں پارٹی کو خاطر خواہ کامیابی نہیں ہوسکی تھی ۔

اس مرتبہ تحریک انصاف سندھ میں بہتر نتائج کے لیے انتہائی متحرک ہے اور اس حوالے سے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے ۔پارٹی کے ایک مرکزی رہنما اور حال ہی میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے سندھ کے ایک سابق وزیراعلیٰ فعال کردارادا کررہے ہیں ۔تحریک انصاف کی قیادت کوشش ہے کہ صوبے میں پاکستان پیپلزپارٹی کا مقابلہ کرنے کے لیے بھٹو خاندان کی اہم شخصیات کو پارٹی میں شامل کیا جائے ۔

اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں پیپلزپارٹی (شہید بھٹو) کی سربراہ غنویٰ بھٹو ،سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین سردار ممتاز بھٹو اور ان کے صاحبزادے امیر بخش بھٹو کو پارٹی میں شامل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی پہلی کوشش یہ ہے کہ غنویٰ بھٹو کو پارٹی میں شمولیت کے لیے رضا مند کیا جائے ۔جبکہ اس بات کی بھی کوشش کی جائے گی کہ میر مرتضیٰ بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کو بھی سیاست میں فعال کیا جائے ۔

تاہم اگر یہ کوششیں کامیاب نہیں ہوتی ہیں تو پیپلزپارٹی (شہید بھٹو)گروپ کے ساتھ انتخابی اتحاد کیلئے بات چیت کی جاسکتی ہے ۔اس ہی طرح سابق وزیراعلیٰ سندھ ممتاز علی بھٹو اور ان کے صاحبزادے امیر بخش بھٹو کی تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے بات چیت آگے بڑھ رہی ہے ۔اس ضمن میں آئندہ چند روز میں اہم پیش رفت سامنے آسکتی ہے ۔پارٹی میں شمولیت کی صورت میں ممتاز بھٹو کو مرکز اور امیر بخش بھٹو کو صوبے میںپارٹی کی اہم ذمہ داریاں تفویض کی جاسکتی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق سندھ کے سابق وزیراعلیٰ لیاقت علی جتوئی صوبے کی دیگر اہم شخصیات کی بھی تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے سرگرم ہیں اور ان کے سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم اور دیگر سے رابطے ہوئے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے آئندہ دورہ سندھ کے دوران بہت سی اہم شخصیات تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرسکتی ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات