حکومت قائد حزب اختلاف چودھری یٰسین کیخلاف انتقامی کارروائیاں بند کرے ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا، چودھری محمدیٰسین کیخلاف انتقامی کارروائی کو پوری پیپلزپارٹی کے ساتھ انتقامی کارروائی سمجھا جائے گا

پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر وسا بق وزیر حکومت چوہدری پرویز اشرف کی مختلف وفود سے بات چیت

ہفتہ 13 مئی 2017 19:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر وسا بق وزیر حکومت چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت قائد حزب اختلاف چودھری یٰسین کیخلاف انتقامی کارروائیاں بند کرے ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا، چودھری محمدیٰسین کیخلاف انتقامی کارروائی کو پوری پیپلزپارٹی کے ساتھ انتقامی کارروائی سمجھا جائے گا ۔

آزادکشمیر بھر میں جیالے حکومت کا چلنا دوبھر کردیں گے ۔ وہ آج یہاں مختلف وفود سے گفتگوکررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف چودھری محمدیٰسین نے حکومت کے سیاہ کارنامے سامنے لائے ہیں جس کی وجہ سے حکومت ان کیخلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ ہم حکومت کو متنبعہ کرتے ہیں کہ وہ چودھری یٰسین کیخلاف کی جانے والی انتقامی کارروائیان بند کرے۔

(جاری ہے)

چودھری یٰسین پیپلزپارٹی کے ماتھے کا جھومر ہیں ۔ ان کیخلاف کوئی بھی کارروائی پیپلزپارٹی کیخلاف کارروائی سمجھی جائے گی ۔ حکومت جو اقدامات کررہی ہے ۔ اس سے یہ بات واضح ہورہی ہے کہ اس حکومت کے دن بہت تھوڑے ہیں ۔ حکومت اتناسیاسی انتقام لے جتنا وہ کل برداشت کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی واحد حکومت ہے جس نے سیاسی انتقام کی بدترین مثالیں قائم کیں ہے۔

اپوزیشن کے فنڈز بند کر کے حکومت کے ہارے ہوئے لوگوں کو دیئے جارہے ہیں، پیسوں کی بندر بانٹ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25مئی کو حکومت کی انتقامی کارروائیوں کیخلاف آزادکشمیر بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروںمیں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی ۔ اور حکومت پھر بھی باز نہ آئی تو آزادکشمیر بھر میں حکومت کا چلنا دو بھر کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں حالیہ سیاسی تبادلے بدترین انتقامی کارروائیوں میں شمارہوتے ہیں ، مسلم لیگ ن کی حکومت نے اتنے وسیع پیمانے پر تبادلے کر کے تعلیمی نظام کا بیڑہ غرق کردیا ہے ۔