چکن گونیا، ڈینگی ، ملیریا اور دیگر امراض کی روک تھام کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی سے ہر قسم کا تعاون کیا جائے گا، سیکرٹری صحت سندھ

کراچی کے شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت کی جانب سے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں ، فضل اللہ پیچوہو کی میئرکراچی کو یقین دہانی

جمعہ 12 مئی 2017 23:11

چکن گونیا، ڈینگی ، ملیریا اور دیگر امراض کی روک تھام کے لئے بلدیہ عظمیٰ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر کو سیکریٹری صحت سندھ فضل اللہ پیچوہو نے یقین دلایا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے حکومت کی جانب سے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ وبائی امراض چکن گونیا، ڈینگی ، ملیریا اور دیگر امراض کی روک تھام کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی سے ہر قسم کا تعاون کیا جائے گا جبکہ ان بیماریوں کی بروقت آگاہی کے لئے میئر آفس میں ڈیٹا مانیٹرنگ سسٹم قائم کرنے کے لئے تعاون فراہم کیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق سیکریٹری صحت حکومت سندھ فضل اللہ پیچوہو نے جمعہ کے روز میئر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، میونسپل کمشنر حنیف محمد مرچی والا، ڈائریکٹر صحت کراچی ڈاکٹر توفیق احمد، پروجیکٹ منیجر انسداد ملیریا ڈاکٹر ناہید جمالی، پروجیکٹ منیجر انسداد ڈینگی اور چکن گونیا ڈاکٹر مسعود سولنگی ، سیکشن آفیسر ہیلتھ حکومت سندھ ، مشیر مالیات خالد محمود شیخ، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی دستیاب وسائل میں شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے خصوصاً چکن گونیا، ڈینگی اور دیگر وبائی امراض سے بچائو کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر اسپرے بھی کیا جا رہا ہے تاہم بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محدود وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت سندھ بھی شہریوں کے بہترین مفاد میں ہمارے ساتھ تعاون و اشتراک کرے، صوبائی سیکریٹری صحت نے اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے میئر کراچی وسیم اختر کو حکومت سندھ کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ محکمہ صحت شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی خصوصاً انسداد ڈینگی، چکن گونیا اور دیگر وبائی امراض کے لئے دستیاب ٹیسٹ کٹس وبائی امراض کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے اسپرے کے لئے کیمیکل، فیومیگیشن کی گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے لئے تمام وسائل فراہم کئے جائیں گے جبکہ ان بیماریوں کی بروقت آگاہی کے لئے میئر آفس میں ڈیٹا مانیٹرنگ سسٹم قائم کرنے کے لئے تعاون فراہم کیا جائے گا،اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت نیپاپر قائم کئے جانے والے 400 بیڈز پر مشتمل اسپتال کو فعال کرنے کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں تاکہ ان تجاویز اور سفارشات کی روشنی میں عملی اقدامات کئے جاسکیں اور شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

سیکریٹری صحت حکومت سندھ فضل اللہ پیچوہو نے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور حکومت سندھ کے درمیان بہترین تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے باہمی تعاون سے ہی ہم شہریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرسکتے ہیں اور مشکلات پر قابو پاسکتے ہیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس 13 بڑے اسپتال ہیں جن کے انتظامات و انصرام کے لئے فنڈز دستیاب نہیں اس لئے ان اسپتالوں کا برا حال ہے اور آنے والے مریضوں کے لئے ادویات ، ایکسرے اور دیگر ضروریات کو پورا کرنا ناممکن ہے، کراچی کے تیسرے بڑے عباسی شہید اسپتال کو گزشتہ آٹھ سال میں تباہ و برباد کردیا گیا جسے ہم دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی ایسے اداروں سے بھی تعاون کی درخواست کی گئی ہے جو ان اسپتالوں کو بہتر کرنے کے لئے فنڈز فراہم کرنا چاہتے ہیں۔