لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو ہو چکا ہے، عوام اذیت سے دوچار ہیں،ہارون بشیر بلور

جمعہ 12 مئی 2017 22:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2017ء) عوامی نیشنل پارٹی نے موسم گرما اور ماہ صیام سے قبل غیر اعلانیہ اور ناروا لوڈشیڈنگ پر شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ صیام کی آمد سے قبل ہی عوام کو ظالمانہ لوڈشیڈنگ کا تحفہ دے دیا گیا ہے ،اور2018میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی اعلانات کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے ، پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شدید گرمی اور ماہ صیام سے قبل ہی صوبے کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی ترسیل بند کر دی گئی ہے اور غیر اعلانیہ و ناروا لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بدترین لوڈشیڈنگ نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے ، انہوں نے کہا کہ عوام لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بے حال ہو چکے ہیں جبکہ مرکزی و صوبائی حکومتیں اس معاملے میں آنکھیں موند رکھی ہیں ،اور دونوں حکومتیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں،انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو رمضان کی آمد سے قبل لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کیلئے اپنی تمام تر توجہ توانائیاں صرف کرنی چاہئیں تا کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسرکی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جاسکیں لیکن بد قسمتی سے ایسا نہیں ہوا اور صوبے کی پیدا کردہ بجلی یہاں کے عوام پر ہی بند کر دی گئی ہے اور عوام کو لوڈ شیڈنگ کے اس کرب سے نجات دلانے کیلئے صوبائی حکومت بھی راہ فرار اختیار کر رہی ہے، بدقسمتی سے حکومت نے اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا جس کے باعث عوام کو دیگر پریشانیوں کے ساتھ ساتھ لوڈ شیدنگ کا عذاب بھی جھیلنا پڑرہا ہے ، ہارون بلور نے کہا کہ مرکز کو اپنی تمام تر توجہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی کی فراہمی پر دینی چاہیے ، انہوں نے صوبائی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مسئلے کو مزید الجھانے کی بجائے اسے حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ،اور غریب اور پسے ہوئے لوگوں کے مسائل میں کمی کی بجائے اضافے سے اجتناب کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو بھی اے این پی کے شروع کردہ بجلی کے تمام منصوبوں پر بلاتعطل کام جاری رکھنا چاہیے ،تا کہ بجلی کی پیداوار میں اضافے کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر دونوں حکومتیں ایکدوسرے پر تنقیدکی بجائے مسئلے کے حل کیلئے ایکدوسرے کا ساتھ دیں تو عوام کو سہولیات ملنے کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :