بیرونی قوتوںنے دھماکوں اور تخریب کاری کیلئے بلوچستان کو خاص طور پر ٹارگٹ کر رکھا ہے‘ دفاع پاکستان کونسل

بھارت، امریکہ اور دیگر اتحادی ملکوں کی خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت بہت بڑھ چکی،مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلہ پر حملہ پاکستان میں امن و امان برباد کرنے کی سازشوں کا حصہ ہے، وطن عزیز پاکستان کیخلاف سازشوں اور تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے دفاع پاکستان کونسل کا اجلاس کل لاہورمیں ہو گا‘مولانا سمیع الحق، عبدالرحمن مکی، لیاقت بلوچ، سردار عتیق احمد خاں، محمد علی درانی و دیگر کا مشترکہ بیان

جمعہ 12 مئی 2017 21:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 مئی2017ء) دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ بیرونی قوتوںنے دھماکوں اور تخریب کاری کیلئے بلوچستان کو خاص طور پر ٹارگٹ کر رکھا ہے،بھارت، امریکہ اور دیگر اتحادی ملکوں کی خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت بہت بڑھ چکی،مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلہ پر حملہ پاکستان میں امن و امان برباد کرنے کی سازشوں کا حصہ ہے، وطن عزیز پاکستان کیخلاف سازشوں اور تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے دفاع پاکستان کونسل کا اجلاس کل 14مئی کو لاہورمیں ہو گا۔

دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، لیاقت بلوچ، سردار عتیق احمد خاں، محمد علی درانی، پیر سید ہارون علی گیلانی، اجمل خاں وزیر، قاری یعقوب شیخ، مولانا فضل الرحمن خلیل اورخرم نواز گنڈا پور نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے میں دھماکہ کے نتیجہ میں بے گناہ افراد کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کی اور کہا ہے کہ بھارت، امریکہ اور دیگرملکوں کی ایجنسیاں افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو میدان جنگ بنانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔

ہم دکھ کی اس گھڑی میں جمعیت علماء اسلام (ف) کی قیادت اور کارکنان کے ساتھ ہیں۔دہشت گردی کی آگ بھڑکانے والے ہمیں دین اسلام کی دعوت و تبلیغ اور دشمن کی سازشوں کے آگے بند باندھنے سے نہیں روک سکتے۔ دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہاکہ وطن عزیز پاکستان کو درپیش دہشت گردی کے فتنہ کا مقابلہ متحد ہو کر کریں گے۔ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر حملہ کے نتیجہ میں پچیس سے زائد افراد کی شہادت اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے پر پوری قوم سخت صدمہ سے دوچار ہے۔

دفاع پاکستان کونسل کا اہم اجلاس کل 14مئی کو لاہور میں ہو گا جس میں مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے۔ اجلاس میں وطن عزیز پاکستان میں تخریب کاری ودہشت گردی کی حالیہ لہر ، کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی اوردیگر اہم مسائل پر تفصیل سے غوروخوض کیا جائے گا۔ دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے مولانا عبدالغفور حیدری سمیت دھماکہ میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

دریں اثناء جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما قاری یعقوب شیخ نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے ان سے مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر حملہ کے افسوسناک واقعہ پر تعزیت کا اظہار کیاہے۔انہوںنے اس امر پر اتفاق کیا کہ ہم سب کا دشمن مشترکہ ہے اور ہمیں باہم متحد ہو کر دہشت گردی کے فتنہ جیسی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے۔