دہشتگرد اپنی کارروائیوں سے پارلیمنٹ اور عوام کو زیر کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کی خام خیالی ہے،چیئر مین سینٹ

مستونگ سے قلات کا علاقہ انتہا پسندوں کا گڑھ ہے، اپریشن وقت کی ضرورت بن چکا ہے،حاصل بزنجو ایوان بالا میں شہداء کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرائی گئی

جمعہ 12 مئی 2017 21:21

دہشتگرد اپنی کارروائیوں سے پارلیمنٹ اور عوام کو زیر کرنا چاہتے ہیں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2017ء) چیئر مین سینٹ میاں رضا ربانی نے ڈپٹی چیئر مین سینٹ کے قافلے پر خودکش حملے کے رد عمل میں جاری اجلاس کے دوران ایسی کارروائیوں کے ذریعے پارلیمنٹ اور عوام کو زیر کرنے کی دہشتگردوں کی سوچ کو خام خیالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری اور کور کمانڈر سے بات کی ہے جنہوں نے ڈپٹی چیئر مین سینٹ کی بذریعہ ہیلی کاپٹر کوئٹہ منتقلی پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

جمعہ کو وقفہ نماز کے بعد اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی تو چیئر مین سینٹ نے ایوان کو مستونگ میں مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری اور کور کمانڈر سے بات ہو چکی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ڈپٹی چیئر مین دہشتگردانہ حملے میں زخمی ضرور ہیں تاہم وہ خیریت سے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد اگر ایسی کارروائیوں سے پارلیمنٹ اور عوام کو زیر کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر میر حاصل بزنجو نے کہا کہ مستونگ سے قلات کا علاقہ انتہا پسندوں کا گڑھ ہے۔ جہاں 2سی3سو خودکش دھماکے ہو چکے ہیں اس علاقہ میں اپریشن وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔ اس موقع پر ایوان بالا میں مستونگ واقعے میں شہید ہونے والے افراد کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کرائی گئی۔(علی/توصیف)

متعلقہ عنوان :