مسئلہ کشمیر کو مودی کی دوستی کی نذر نہیں ہونے دینگے ‘ امرتسر اور دہلی میں کارخانے لگانے کا خواب چکنا چور ہو جائیگا‘کلبھوشن یادیو کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانا بھارت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے ‘بھارت ایک دہشتگرد کو بچانے کیلئے سر دھڑ کی بازی لگائے ہوئے ہے ‘آزاد کشمیر حکومت ڈنگ ٹپانے کی پالیسی پر چلنے کے بجائے عوام کے حقیقی مسائل کے حل پر توجہ دے

مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیر اعظم سردر عتیق احمد خان کا استقبالیہ سے خطاب

جمعرات 11 مئی 2017 16:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2017ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیر اعظم سردر عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو نریندر مودی کی دوستی کی نذر نہیں ہونے دیں گے امرتسر اور دہلی میں کارخانے لگانے کا خواب چکنا چور ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پٹہکہ نصر آباد میں سابق ایڈمنسٹریٹر نصیر آباد سلیم اعوان کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کے بغیر بھارت سے دوستی ممکن نہیں سجن جندال نے ان کے کانوں میں کیا منتر پڑھا کہ اب حکمران کشمیر کا نام لینے سے مکمل گریز کر رہے ہیں۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانا بھارت کی بوکھلاٹ کا ثبوت ہے بھارت ایک دہشتگرد کو بچانے کیلئے سر دھڑھ کی بازی لگائے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت ڈنگ ٹپانے کی پالیسی پر چلنے کے بجائے عوام کے حقیقی مسائل کے حل پر توجہ دے آزاد کشمیر کے عوام آج بھی ریاستی جماعتوں کی ضرورت کو محسوس کر رہے ہیں جلد ہی آزاد کشمیر میں ریاستی سیاست کا دور دورہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرس کے کارکن نے ہر قسم کے مشکل حالات کا مردانہ وار مقابلہ کیا ہے وفاقی حکومت کے دبائو اور لالچ کو مسترد کر کہ قائد کشمیر چوہدری غلام عباس اور مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کا کا پرچم بلند رکھا ہے آنے والا دور انہی کا ہے۔

اس موقع پر اُن کے ہمراہ ڈویژنل صدر دیوان علی خان چغتائی، سابق وزیر حکومت شمیم علی ملک،سابق امیدوار اسملی کوٹلہ میر عتیق الرحمن،سابق امیدوار اسمبلی کھاوڑہ راجہ ثاقب مجید،نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ کے وسابق چیئرمین خواجہ محمد شفیق،مسلم کانفرنس مجلس عاملہ کے ممبران شیخ خورشید احمد،راشد عباسی،مقصود چغتائی،ہارون آزاد،مسلم کانفرنس رابطہ بورڈ کے سیکرٹری راجہ احسان،مسلم کانفرنسی رہنما میر نوید احمد،میر امتیاز احمد ودیگر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر حلقہ کوٹلہ کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اس سے قبل صدر مسلم کانفرنس نیلم کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد جب نصیر آباد پہنچے تو کارکنوں نے ان کا شاندار استبقال کیا۔