بجلی کی بار بار ٹرپنگ پر تشویش ہے لیسکو مسئلہ فوری طور پر حل کرے، عبدالباسط

بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو پیداوار کم ہوگی اورعالمی منڈی میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا،صدر ر چیمبر آف کامرس

بدھ 10 مئی 2017 22:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط اور سینئر نائب صدر امجد علی جاوا نے فیروزپور روڈ انڈسٹریل ایریا میں بجلی کی بار بار ٹرپنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لیسکو پر زور دیا ہے کہ وہ یہ مسئلہ فوری طور پر حل کرے۔ میاں عبدالرزاق کی سربراہی میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اگر صنعتوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو پیداوار کم ہوگی اور پاکستان کو عالمی منڈی میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گالہذا فیروزپور روڈ انڈسٹریل ایریا سمیت تمام صنعتی علاقوں میں بجلی کی ٹرپنگ کا مسئلہ حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی بارہا ٹرپنگ کی وجہ سے مشینری چلنے سے قاصر رہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت جب برآمدی ہدف پورا کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، صنعتوں کے لیے بجلی کے مسائل ان میں مزید اضافہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی باربار ٹرپنگ کا مطلب بجلی نہ ہونا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے مشینری چلنا ممکن نہیں رہتا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروںنے کہا کہ بجلی صنعتوں کا اہم خام مال ہے جس کے بغیر صنعتی پہیہ رواں رہنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہے، رواں مالی سال کے لیے مقررہ محاصل کا بھاری ہدف اسی صورت حاصل ہوسکے گا جب کاروباری برادری برادری اپنا بہترین کردار ادا کرے گی لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ انہیں درپیش مسائل حل کیے جائیں۔ (قیوم زاہد)

متعلقہ عنوان :