وزیراعظم کی موجودگی میں غیرجانبدارانہ تحقیقات کا ہونا ممکن نہیں ، وزیراعظم کے پاس کوئی اخلاقی و قانونی جواز نہیں کہ وہ وزارت عظمیٰ کے منصب سے چمٹے رہیں، وہ فوری مستعفی ہوجائیں

پیپلز پارٹی کے سینئررہنما وسابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کی پیپلزلائرزفورم کے رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس

بدھ 10 مئی 2017 20:29

وزیراعظم کی موجودگی میں غیرجانبدارانہ تحقیقات کا ہونا ممکن نہیں ، ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2017ء) پیپلز پارٹی کے سینئررہنما وسابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی موجودگی میں غیرجانبدارانہ تحقیقات کا ہونا ممکن نہیں ہے، وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کو فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہئے کیونکہ عدالت عظمیٰ میں میاں نواز شریف کا موقف غلط ثابت ہوچکا ہے۔،وزیراعظم کے پاس کوئی اخلاقی و قانونی جواز نہیں کہ وہ وزارت عظمیٰ کے منصب سے چمٹے رہیں۔

بطور وزیراعظم جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے ملک کا وقار مجروح ہوگا۔ ایک ملزم کیسے ملک کا وزیراعظم رہ سکتا ہے،پیپلزلائرزفورم کے مرکزی جنرل سیکرٹری پیپلز لائرز فورم جاوید ہاشمی اور مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری بشریٰ نقوی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ پارٹی کمان کی ہدایت پر ملک بھر کے تمام پیپلزلائرزفورم کے عہدیداران اور ممبران کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام بار ایسوسی ایشن میں اپنا موثر کردار ادا کرتے ہوئے گو نواز گو کی تحریک کو متحرک کریں۔

(جاری ہے)

منظم کریں اور کامیاب کریں۔ سپریم کورٹ بار ، ہائی کورٹ بار یا کسی دیگر بار ایسوسی ایشن میں اس سلسلہ میں منعقد ہونے والی تمام کنونشنز کو کامیاب کروانے میں کلیدی کردار ادا کریں۔ اس وقت پاکستان پیپلزپارٹی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ ہمارا پرزور مطالبہ ہے کہ وزیراعظم کی ہٹ دھرمی سے پورا جمہوری نظام خطرے میں پڑ چکا ہے۔ ریاستی اداروں میں تصادم کی فضا پیدا ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے غیرذمہ دارانہ اور غیرجمہوری رویوں سے پورے ملک میں غیریقینی اضطراب اور انتشار کی کیفیت پیدا ہوچکی ہے۔ اس سے نان سٹیٹ ایکٹرز فائدہ اٹھانے کیلئے کمر بستہ ہیں لیکن پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان بھر کے وکلا کسی بھی غیرآئینی اقدامات کی بھرپور مخالفت کریں گے اور اس جمہوری نظام کے خلاف مسلم لیگ ن سمیت غیرجمہوری ، غیرسیاسی ، غیرآئینی ، غیرقانونی سوچ رکھنے والی تمام قوتوں کو شکست فاش دیں گے۔