وزیراعظم کا دورہ چین ، کراچی سے پشاور تک مین لائن ون کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے لیے پاکستان اور چین کی حکومتوں کے درمیان فریم ورک پر دستخط ہوجائیں گے ،سعد رفیق

منگل 9 مئی 2017 23:51

وزیراعظم کا دورہ چین ، کراچی سے پشاور تک مین لائن ون کی بحالی اور اپ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران کراچی سے پشاور تک مین لائن ون کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے لیے پاکستان اور چین کی حکومتوں کے درمیان فریم ورک پر دستخط ہوجائیں گے جس کے بعد پاکستان ریلویز کو نئی زندگی دینے والے اس منصوبے پر باقاعدہ کام شروع ہوجائے گا۔

ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلویز نے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے معاہدے کی ایک ایک شق پر کام کرتے ہوئے ریلویز اور پاکستان کے مفاد کو سامنے رکھا جائے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چینی ماہرین ایم ایل ون کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے سٹڈی مکمل کرچکے اب فریم ورک پر دستخطوں کے بعد کنٹریکٹر کا قواعد ،میرٹ اوراہلیت کی بنیاد پر چنائو ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیر ریلویز نے کہا کہ سی پیک کے تحت اس منصوبے کی تکمیل کے بعد کراچی سے پشاور تک ٹرینوں کی رفتار 160کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ جائے گی۔ ابتدائی ڈیزائن کے تحت مین لائن ون پرآنے والے متعدد لیول کراسنگ کی جگہ فلائی اووراورانڈرپاسز تعمیر ہوں گے جبکہ آبادی والے علاقوں میں حادثات کی روک تھام کے لیے باڑ لگائی جائے گی جس کے بعد ریلوے کا سفر زیادہ محفوظ ، باسہولت اور تیز رفتار ہوجائے گا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی بحالی اور جدت پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی مظہر ہوگی ۔ وزیر ریلویز کا مزید کہنا تھا کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ ایم ایل ٹو اور اہم برانچ لائنوں کی بحالی ، بہتری اور جدت کے لیے بین الاقوامی اداروں کو بی او ٹی بنیادوں پر پیش کش کردی گئی ہے اور اب ہم پاکستان ریلویز میںبہت جلد تعمیر وترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کرنے والے ہیں۔ (سعید)