وفاقی حکومت کی جانب سے ڈان لیکس کی رپورٹ فی الحال منظر عام پر نہ لانے اور اس معاملے پر مزید کوئی ایکشن بھی نہ لینے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی منگل 9 مئی 2017 21:26

وفاقی حکومت کی جانب سے ڈان لیکس کی رپورٹ فی الحال منظر عام پر نہ لانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2017ء) وفاقی حکومت کی جانب سے ڈان لیکس کی رپورٹ فی الحال منظر عام پر نہ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس میں وفاقی حکومت نے ڈان لیکس کے معاملے پر پیدا ہونے والے تنازعے کے بعد اب اس حوالے سے اہم فیصلہ لیا ہے۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حکومت نے ڈان لیکس کی رپورٹ فی الحال منظر عام پر نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

جبکہ حکومت نے ڈان لیکس معاملے پر کچھ روز قبل وزیراعظم ہاوس سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کو واپس نہ لینے سمیت مزید کسی قسم کا کوئی ایکشن نہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے ٹویٹ کے معاملے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ تمام سفارشات پر من و عن عمل کیا گیا ہے۔ کوئی ایسا نکتہ نہیں جس پر عمل درآمد نہیں ہوا لیکن اگر کسی کو تحفظات ہیں تو حکومت کو آگاہ کیا جائے۔

آیندہ ایک دو روز میں مشاورتی اجلاس کا ایک اور دور ہو گا۔ وزیراعظم ہاوس میں ہونے والا آج کا اجلاس مشاورتی نوعیت کا تھا۔ آیندہ اجلاس میں مزید لوگوں کوبلایا جائے گا۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے ٹوئٹ کے ذریعے ڈان لیکس معاملے پر وزیراعظم ہاوس سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کو مسترد کر دیا گیا تھا جس کے بعد عسکری و سول قیادت کے تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔