وزیراعظم وزارت پانی وبجلی کی کارکردگی پر برہم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 9 مئی 2017 13:09

وزیراعظم وزارت پانی وبجلی کی کارکردگی پر برہم
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09مئی۔2017ء) ملک میں بڑھتی لوڈشیڈنگ پر وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وفاقی وزیرپانی وبجلی خواجہ آصف کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے وزارت پانی وبجلی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے اعداد وشمار غلط بتائے جاتے ہیں، چوبیس اپریل کو کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وزیر اعظم ہاوس میں ہواتھا۔

جس میں وزیراعظم نوازشریف نے متعلقہ محکموں کی غفلت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ متعلقہ محکموں نے موسم کی شدت اور ڈیموں میں پانی کی کمی کے تناظر میں احتیاطی اقدامات کیوں نہیں اٹھائے، جس پر وزارت پانی وبجلی کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت بڑھنے اور ڈیموں میں پانی کم ہونے کی وجہ سے بجلی کی طلب میں اچانک اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے وزارت پانی و بجلی سے بجلی فراہمی کے منصوبے پر عملدرآمد نہ کرنے کی وجوہات طلب کرلی ہیں۔

وزیراعظم نے بجلی کی قلت پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی کے ذریعے صارفین کو ریلیف دیا جانا چاہیے جبکہ اجلاس میں وزارت پانی وبجلی کے حکام نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ مستقبل قریب میں ڈیموں میں پانی کی سطح میں اضافے سے پن بجلی کی پیداوار بڑھے گی۔

دوسری جانب وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے اعتراف کیا ہے کہ شہروں میں 6 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، لاہور میں10 سے 12 گھنٹے بجلی جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی طلب ساڑھے 21 ہزار میگاواٹ پہنچنے کے بعد بجلی کا شارٹ فال 9 ہزار میگاواٹ سے 10 ہزار میگاواٹ کے درمیان ہے جبکہ ڈیموں سے حاصل ہونے والی اضافی مقدار کے باعث بجلی کی پیداوار صرف 35 منٹ کے لیے زیادہ سے زیادہ 12 ہزار 700 میگاواٹ رہی۔

ملک کے مختلف شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے ، بجلی کا مجموعی شارٹ فال 7 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگیا ہے، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعویدار وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حلقے میں بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث مشتعل عوام سڑکوں پر آگئے۔لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان سرگودھا، پشاور اور دیگر شہروں و مضافات میں لوگوں کا سخت گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی سے برا حال ہے۔

متعلقہ عنوان :