دمشق کے نواحی علاقے سے شامی باغیوں کے انخلاء کا آغاز

آیندہ پانچ روز کے دوران باغی جنگجوؤں اور ان کے خاندانوں کی ادلب کی جانب منتقلی جاری رہے گی،شامی آبزرویٹری

منگل 9 مئی 2017 11:56

دمشق کے نواحی علاقے سے شامی باغیوں کے انخلاء کا آغاز
دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2017ء) شامی باغیوں نے صدر بشارالاسد کی حکومت کے ساتھ ایک سمجھوتے کے تحت دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے برزہ سے انخلاء شروع کردیا ہے۔شام کے سرکاری ٹی وی نے اطلاع دی کہ باغی جنگجو اور ا ن کے رشتے دار برزہ سے باغیوں کے زیر قبضہ شمال مغربی صوبے ادلب کی جانب منتقل کیے جا رہے ہیں۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے بتایا کہ بیسیوں بسیں برزہ پہنچ گئیںاور ان پر سیکڑوں باغی جنگجو اور ان کے رشتے دار سوار ہورہے تھے۔

اس قصبے سے آیندہ پانچ روز کے دوران باغی جنگجوؤں اور ان کے خاندانوں کی ادلب کی جانب منتقلی جاری رہے گی۔دریں اثناء جیش الاسلام کے ترجمان حمزہ بیرقدار نے کہا کہ ان کے دھڑے نے انخلاء کے اس سمجھوتے کے لیے کسی قسم کے مذاکرات میں حصہ نہیں لیا ہے اور بارزہ سے تعلق رکھنے والی ایک شہری کمیٹی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد یہ سمجھوتا طے کیا ہے۔

(جاری ہے)

شامی صدر بشارالاسد باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں سے جنگجوؤں اور ان کے خاندانوں کے انخلاء کو اپنی حکومت کی ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔وہ اس کو مصالحتی عمل قرار دیتے ہیں جس کے تحت شامی فوج کے محاصرے کا شکار علاقوں سے جنگجو ؤں اور ان کے خاندانوں کو مصالحت کے تحت سرکاری بسوں میں دوسرے علاقوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔تاہم اقوام متحدہ نے باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں کے محاصرے اور پھر وہاں سے مقامی لوگوں کی نام نہاد سمجھوتوں کے تحت دوسرے علاقوں کی جانب منتقلی کے عمل پر تنقید کی ہے اور اس کو مکینوں کی جبری بے دخلی قرار دیاہے ۔

برزہ شامی دارالحکومت کے شمال مشرق میں واقع ہے اور یہ باغیوں کے زیر قبضہ مشرقی الغوطہ کے نزدیک ہے۔ اس قصبے میں حالیہ مہینوں کے دوران میں شامی فوج اور باغیوں کے درمیان خونریز جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :