Live Updates

نواز شریف اور انکی جماعت کی جانب سے اسامہ بن لادن سے رقوم کی وصولی کا معاملہ

نواز شریف پر بیرونی قوتوں سے رقوم لیکر جمہوریت کیخلاف سازش کا مقدمہ قائم کیا جائے گا ،تحریک انصاف کی قانونی ٹیم سپریم کورٹ آف پاکستان میں درخواست دائر کرے گی ،نواز شریف ماضی میں جمہوریت کیخلاف متعدد ساشوں کا فعال حصہ رہے، فواد چوہدری کا بیان

پیر 8 مئی 2017 23:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2017ء) نواز شریف اور انکی جماعت کی جانب سے اسامہ بن لادن سے رقوم کی وصولی کے معاملے میں تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے رجوع کیلئے قانونی مشاورت مکمل کرلی ہے۔ نواز شریف پر بیرونی قوتوں سے رقوم لے کر جمہوریت کے خلاف سازش کا مقدمہ قائم کیا جائے گا۔یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قانونی ٹیم سپریم کورٹ آف پاکستان میں درخواست دائر کرے گی۔اس سلسلے میں درخواست کی تیاری کا عمل شروع کیا جا چکا ہے اور قانونی ٹیم کو ضروری ہدایات دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے اس کیساتھ اصغر خان کیس پر عملدرآمد کیلئے بھی تحریری درخواست جمع کروانے کا اعلان بھی کیا۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف ماضی میں جمہوریت کے خلاف متعدد سازشوں کا فعال حصہ رہے اور چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ نواز شریف کی جانب سے آئی ایس آئی سے پیسوں کی وصولی پر اپنا فیصلہ صادر کرچکا ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ نواز شریف اسامہ بن لادن سے پیسے لیکر جمہوریت پر شب خون مارنے والوں کی بھی معاونت کرتے رہے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ نواز شریف کے بیرونی قوتوں سے خفیہ مراسم کا سراغ لگایا جائے۔قوم جاننا چاہتی ہے کہ کرپشن کے علاوہ "گارڈفادر" کے ذرائع آمدن کیا ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اسامہ بن لادن سے رقوم کی وصولی اور اصغر خان کیس کے حوالے سے عدالتی فیصلے کے نفاذ پر جلد سپریم کورٹ جائیں گی:
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات