قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا وزیرستان ایجنسی ،سیاچن اور ایل او سی کے دوروں کیلئے وزارت دفاع سے رابطہ

پیر 8 مئی 2017 23:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے وزیرستان ایجنسی ،دنیا کے مشکل ترین محاذ جنگ سیاچن اور ایل او سی کے دوروں کیلئے وزارت دفاع سے رابطہ کرلیا ، قائمہ کمیٹی جلد ان سرحدی علاقوں کے دوروں کی متمنی ہے ۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے وزارت دفاع کے تعاون سے جنوبی وشمالی وزیرستان ایجنسی سیاچن اور ایل او سی کے دوروں کی تیاری شروع کردی ہے ۔

ا س بارے میں سیکرٹری داخلہ کو ضروری ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ وہ متعلقہ عسکری اداروں سے اس دورے کو یقینی بنانے کا انتظام کر سکے ۔ قائمہ کمیٹی برائے دفاع وزیرستان ایجنسی میں پاک فوج کی معاونت سے مکمل کئے گئے ترقیاتی منصوبوں خصوصاً صحت ، تعلیم اور مواصلات کی جدید سہولیات کودیکھنا اور وہاں جوانوں کا حوصلہ بلند کرنے کیلئے دورے کے متمنی ہیں اسی طرح قائمہ کمیٹی دنیا کے مشکل ترین محاذ جنگ سیاچن اور ایل او سی پر پاک فوج کے جوانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وہاں کا دورہ کرنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری دفاع سے اس بارے میں باضابطہ طور پر رابطہ کر لیا گیا ہے ۔ قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا 15مئی کو اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے ۔ اجلاس سے قبل کمیٹی اراکین کے متذکرہ سرحدی علاقوں کے دوروں کا قوی امکان ہے ۔ (اع)