یلغار کی بجائے سیاستدانوں کا احتساب ووٹ کے ذریعے کیا جائے ، ہارون بشیر بلور

پیر 8 مئی 2017 21:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے قلندر لودھی کی گاڑی پر عوام کے ہجوم کی جانب سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں برداشت کا مادہ ہونا ضروری ہے اور عوام جوش کی بجائے ہوش سے کام لیتے ہوئے سیاسی رہنماؤں کا احتساب کریں،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر کے حلقے کے عوام غصے میں حقبجانب ہیں تاہم اس ہجوم میں شامل دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو اس قسم کے ہتھکنڈے زیب نہیں دیتے ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتوں کی قیادت اپنے کارکنوں کی حرکت کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کریں گی،انہوں نے کہا کہ معاشرے میں تشدد کا عنصر بڑھتا جا رہا ہے جس سے انتہا پسندی کی سوچ کو فروغ مل رہا ہے ، ہارون بلور نے کہا کہ صوبائی وزیرسمیت جس رکن اسمبلی نے اپنے حلقے کو فراموش کیا ان کا احتساب آئندہ الیکشن میں ووٹ کے ذریعے کیا جائے ، اور عوام سیاست میں برداشت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے میانہ روی اختیار کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمہوری انتقام کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ عوام آئندہ الیکشن میں اس امیدوار کو مسترد کر دیں ، انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ تاہم عزت و احترام سب کو دیا جانا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :