پرائیویٹ سکیم کے تحت حج آپریشن میں حصہ لینے والی کمپنیوں کی حتمی فہرست جلد جاری ہوگی، وزارت مذہبی امور

پیر 8 مئی 2017 13:45

پرائیویٹ سکیم کے تحت حج آپریشن میں حصہ لینے والی کمپنیوں کی حتمی فہرست ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2017ء) وزارت مذہبی امور پرائیویٹ سکیم کے تحت حج آپریشن 2017ء میں حصہ لینے والی کمپنیوں کے کاغذات کی چھان بین مکمل کر کے جلد ہی حتمی فہرست جاری کرے گی۔ پیر کو وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حج ٹور آپریٹر کی تنظیم ہوپ نے پرائیویٹ اور سرکاری سکیم کے درمیان حج کوٹہ کی تقسیم کے معاملہ کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

اس کا فیصلہ آنے کے بعد ہی پرائیویٹ ٹور آپریٹرز میں حج کوٹہ تقسیم کیا جائے گا تاہم ذرائع نے کہا کہ پہلے سے حج آپریشن میں حصہ لینے والی کمپنیاں اپنے طور پر بکنگ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال بھی حج آپریشن میں 742 کمپنیوں نے حصہ لیا تھا۔

(جاری ہے)

حج پالیسی 2017ء کے مطابق کسی نئی کمپنی کی رجسٹریشن کا کوئی ارادہ نہیں ہے تاہم وزارت کو 2200 نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن کیلئے درخواست دے رکھی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رواں سال وزارت مذہبی امور نے معمول کے مطابق اس سال بھی پرائیویٹ ٹور آپریٹرز سے ٹیکس کلیئرنس اور بینکوں سے کلیئرنس سرٹیفیکیٹ سمیت دیگر دستاویزات منگوائی ہیں جن کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ کلیئر ہونے والی کمپنیوں کی حتمی فہرست جلد ہی جاری کر دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر مذہبی امور جو ان دنوں ترکی کے دورہ پر ہیں، واپسی پر سعودی عرب جائیں گے اور اس مرتبہ سعودی وزیر حج سے پاکستان کو 15 ہزار کا اضافی کوٹہ دینے کی ایک مرتبہ پھر درخواست کریں گے۔

متعلقہ عنوان :