قلندرخان لودھی کے قافلہ پرحملہ کے الزام میں ممبرضلع کونسل بابوخوشحال سمیت 60 سے زائدافراد کے خلاف مقدمہ درج

پولیس نے 17افراد کو گرفتار کرلیا،دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے چھاپے

اتوار 7 مئی 2017 21:00

قلندرخان لودھی کے قافلہ پرحملہ کے الزام میں ممبرضلع کونسل بابوخوشحال ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2017ء) صوبائی وزیرخوراک قلندرخان لودھی کے قافلہ پرحملہ کے الزام میں ممبرضلع کونسل بابوخوشحال، سابق ناظم دلدارتنولی، پیرخان تنولی سمیت 60 سے زائدافراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے پولیس نے 17فراد کو گرفتارکرلیا ہے ۔پولیس نے مزید گرفتاریوں کے لئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ہفتہ کے روز پنڈکرگوخان کے مقام پر مقامی لوگوں نے صوبائی وزیر خوراک قلندر خان لودھی کے قافلہ کو روک کر شدید احتجاج کیا اور بعض گاڑیوں پر پتھرائوبھی کیاگیا جس سے کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

تھانہ شیروان کے محرر کے مطابق ڈی پی او ایبٹ آباد سیّد اشفاق انور کے حکم پرتھانہ شیروان کے اے ایس آئی محمد اشفاق خان کی مدعیت میں صوبائی وزیر خوراک قلندر خان لودھی کے قافلہ کوروک کر احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے ضلع کونسلر بابوخوشحال، سابق امیدوارصوبائی اسمبلی پیرخان تنولی ایڈوکیٹ، محمد سلیم ولد محمد اسلم، تنویر ولد محمد اسلم، تنویر ولد غلام حیدر، نثار ولد لطیف، سابق ناظم دلدارتنولی ولدحاجی جبار،یونس ولد نیداخان، رئیس ولد بابو خوشحال، علی حیدر ولد علی محمد، تنویر ولد غلام حیدر، امجد ولد اسلم، جنرل کونسلر صادق ولد نامعلوم، جاوید ولد نامعلوم، الیاس ولد حاجی خواص، یوتھ کونسلر شکیل ولد نامعلوم، حاجی اشرف ولد فضل، تاج ولد نامعلوم، ، بنارس ویلج کونسل ٹو سمیت 60 نامعلوم افراد کیخلاف زیر دفعات 341,506,511,377,147,149,159کے تحت ایف آئی آر درج کرکے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

مقامی ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح تھانہ سٹی پولیس نے شملہ پہاڑی کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کرکے شیروان سائیڈ سے آنے واالی گاڑیوں کو روک کر 17 افراد کو حراست میں لے لیاہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق احتجاج کی ویڈیو میں نظرآنے واالے افراد کی شناخت کے بعد انہیں گرفتار کیاجائیگا۔