وفاقی حکمران اقتدار کے نشے میں مغرور ہیں،مسلم لیگ (ن) کو سندھ کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، پیر مظہر الحق

میاں صاحب آپ عوامی طاقت سے بچ نہیں سکیں گے، انصاف کے لئے عدلیہ کے پاس گئے لیکن مایوسی ہوئی عمران خان سندھ کے لوگوں سے سیاسی خیرات مانگنے آئے تھے، انہیں تو سانحہ سیہون کے شہداء بھی یاد نہیں تھے جو چار قل پڑھ لیتے پنجاب کے علیحدہ اور سندھ کے لئے علیحدہ فیصلے ہوتے ہیں، دادو میں لوڈشیڈنگ، پانی کی چوری اور گیس کی عدم فراہمی پر احتجاجی دھرنے سے خطاب

اتوار 7 مئی 2017 20:50

دادو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سینئر رہنما اور مجلس عاملہ کے رکن سابق وزیر پیر مظہر الحق نے کہا ہے کہ وفاقی حکمران اقتدار کے نشے میں مغرور ہیں، مسلم لیگ (ن) کو سندھ کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے،بلکہ سندھ اپنا حق چھین کر لے گا، میاں صاحب آپ عوامی طاقت سے بچ نہیں سکیں گے، انصاف کیلئے عدلیہ کے پاس گئے لیکن مایوسی ہوئی، پنجاب کے علیحدہ اور سندھ کے لئے علیحدہ فیصلے ہوتے ہیں، عمران خان سندھ کے لوگوں سے سیاسی خیرات مانگنے آئے تھے، انہیں تو سانحہ سیہون کے شہداء بھی یاد نہیں تھے جو چار قل پڑھ لیتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پاکستان پیپلز پارٹی کے تحت سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، پانی کی چوری اور گیس کی عدم فراہمی پر وفاقی حکومت کے خلاف احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

دھرنے کی قیادت کی قیادت پیر مظہر الحق کے علاوہ رکن سندھ اسمبلی بیرسٹر پیر مجیب الحق ، سابقہ سٹی صدر دادو پیر دانش علی نے کی۔ دھرنے میں سینکڑوں مرد و خواتین کارکنان نے شرکت کی ۔

دھرنے میں شریک عوام نے ’’گو نواز گو‘‘ اور بجلی دو پانی دو اور گیس دو کے نعرے لگائے۔ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پیر مظہر الحق نے کہا کہ پانی ،بجلی نہ ہونے کی وجہ سے سندھ کے لوگ عذاب میں مبتلا ہیں گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں۔سندھ کے لئے الگ فیصلے ہیں اور لاہور کے لئے الگ فیصلے ہیں، وفاقی حکمران اقتدار کے نشے میں مغرور ہیں ، میاں صاحب دادو بھی آج سندھ کا حق مانگ رہا ہے۔

اب ن لیگ کو سندھ کے پانی بجلی گیس پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دینگے ۔70 فیصد گیس بجلی پیدا کرنے والا صوبہ اپنا حق چھین کرلے گا۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ عوامی طاقت سے بچ نہیں سکتے۔عدلیہ نے تم کو چور ثابت کیا ہے، اب عوام بھی گلی گلی میں شور ہے، نواز شریف چورہے کے نعرے لگا رہی ہے۔ انصاف کے لئے عدلیہ کے پاس آئے تھے، عوام کی امیدیں عدلیہ پر تھیں لیکن مایوسی نصیب ہوئی۔

پیر مظہر الحق نے کہا کہ نوازشریف نے قوم کے سامنے اور ایوان میں جھوٹ بولا تو نوازشریف جھوٹا نہیں تو نالائق ہے۔ اب عوام نوازشریف سے نجات چاہتی ہے۔ اب ملک کا وزیراعظم کل صوبیدار اور ایس سطح کے افسران کی جے آئی ٹی کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کھڑے رہیںگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دادو نے ماضی میں آمروں کے خواب مٹی میں ملا دئیے۔ ہم شہیدوں کے فلسفے پر چلتے ہیں۔

پیپلز پارٹی سے جو منزل چھینی گئی تھی وہ واپس لاکربلاول بھٹو کووزیر اعظم بنائینگے۔ سندھ اسمبلی میں ایک خاتون رکن نے طنز کیا وہ بہن آج جیالوں کا دھرنہ بھی دیکھ لے۔ پارٹی کے شریک چیئرمین نے دھرنے لگانے کا حکم دیا تھا، آج دادو میں دہرنی نہیں دھرنا ہے، مخالفین دیکھ لیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سندھ کے لوگوں سے سیاسی خیرات مانگنے آئے تھے۔انہوں نے صرف اپنے مفادات کی بات کی۔ سندھ کے کسی ایشو پر بات نہ کی اس کو تو سانحہ سیہون کے شہداء بھی یاد نہیں تھے جو چار قل پڑھ لیتے۔