امریکی ویزے کے لیے نئی پابندیاں -مخصوص ممالک کے شہریوں کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس اور فون کال ریکارڈ چیک کیئے جائیں گے-ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈسیکورٹی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 7 مئی 2017 13:37

امریکی ویزے کے لیے نئی پابندیاں -مخصوص ممالک کے شہریوں کے سوشل میڈیا ..
واشنگٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07مئی۔2017ء) امریکی وزارت داخلہ امریکی ویزے کے لیے درخواست دینے والے غیر ملکیوں کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس، اور ان کے رابطہ میں رہنے والے ای میل ایڈریس اور فون نمبرز کی جانچ کرئے گا۔ہوم لینڈسیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کے مطابق یہ قدم ٹرمپ کی ویزے سے متعلق نئی انتظامی پالیسی کے تحت اٹھایا جا رہا ہے۔

اس اقدام کے بعد وہ امریکی ویزے کے خواہش مند چند مخصوص ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کی سوشل میڈیا کی جانچ کریں گے۔امریکی محکمہ داخلہ کے فیڈرل رجسٹر کی جانب سے شائع کردہ نوٹس میں اس اقدام پر عوامی رائے طلب کی گئی، تاہم نوٹس میں کہا گیا کہ عوامی رائے سے قطع نظر وہ جلد عارضی طور پر اس کی اجازت چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

نوٹس کے مطابق اس قانون کا طلاق ان افراد پر ہوگا جن کا نام ویزے کے حصول کے لیے پہلے ہی اضافی اسکروٹنی کی فہرست میں درج ہوگا۔

ان میں سے زیادہ تر وہ افراد ہوں گے جو اس سے قبل دہشت گردوں کے زیر قبصہ علاقوں جیسے شام یا عراق کا سفر کر چکے ہوں گے۔ ہوم لینڈ سیکورٹی کا کہنا ہے کہ یہ قانون امریکا آنے کے خواہش مند تمام افراد کو متاثر نہیں کرے گا۔ یہ قانون امریکی ویزے کے طلبگار صرف 0.5 فیصد افراد کے لیے ہوگا اور اندازاً 65 ہزار افراد اس کی زد میں آئیں گے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ان افراد کو گزشتہ 5 سالوں کے دوران استعمال کیے جانے والے سوشل میڈیا کے ایڈریس اور وہ تمام فون نمبرز اور ای میل ایڈریس ظاہر کرنا ہوں گے جن سے وہ اس عرصہ کے دوران رابطے میں رہے۔

نوٹس کے مطابق ان افراد کے سوشل میڈیا سائٹس کے پاس ورڈز نہیں طلب کیے جائیں گے اور نہ ہی کوئی ایسا قدم اٹھایا جائے گا جس سے ان کی ذاتیات پر زک پڑتی ہو۔یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار سنبھالتے ہی 7 مسلم ممالک کے شہریوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی لگائی تھی جو عدالت کے حکم کے بعد تاحال معطل ہے۔

متعلقہ عنوان :