افغان فورسز کی فائرنگ کا واقعہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور قابل مذمت ہے، پاکستان جواب کا حق رکھتا ہے ، پاکستان پڑوسی ممالک سے دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے ،فائرنگ واقعہ کی شفاف تحقیقات میں اصل حقائق سامنے آئیں گے ،نجی تعلیمی ادارے فروغ تعلیم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں تاھم دہرے نظام تعلیم کا خاتمہ ہونا چاہیے

راولپنڈی میں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کی صحافیوں سے بات چیت

ہفتہ 6 مئی 2017 22:45

افغان فورسز کی فائرنگ کا واقعہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور قابل مذمت ..
راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2017ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ افغان فورسز کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ قابل مذمت ہے اور پاکستان جواب کا حق رکھتا ہے ،اس طرح کے واقعات ہونا بدقسمتی ہے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ،پاکستان پڑوسی ممالک سے دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے ،فائرنگ واقعہ کی شفاف تحقیقات میں اصل حقائق سامنے آئیں گے اور مستقبل میں اس طرح کے ناخوشگوار واقعات کو روکنے میں مدد ملے گی ،کلبھوشن پاکستان کو نقصان پہنچانے کی نیت سے آیا تھا ۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے گذشتہ راولپنڈی میں جناح پریپریٹری سکول کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔قبل ازیں سکول کی تقریب سے اپنے خطاب میں وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان میں لوگ تعلیم کی قدر و قیمت سے آشنا ء ہیں اور اپنے بچوں کو معیاری تعلیمی اداروں سے تعلیم دلانے کے لیے حتی المقدور کوشش کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے فروغ تعلیم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں تاھم دہرے نظام تعلیم کا خاتمہ ہونا چاہیے تاکہ غریب اور امیر کے بچے یکساں تعلیم حاصل کر سکیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں فروغ تعلیم کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج ملے ہیں اور آنے والے وقت میں لوگ اپنے بچوں کو سرکاری تعلیمی اداروں میں بھیجنا فخر سمجھیں گے ۔

اس موقع پر سکول کے سربراہ عبدالقادر حئی نے سکول کے پچاس سالہ سفر پر مفصل روشنی ڈالی اور بتایا کہ اس سکول سے فارغ التحصیل طلباء اس وقت مختلف سرکاری و غیر سرکاری عہدوں پر تعینات ہیں ۔تقریب میں سکول کے بچوں نے ٹیبلو کے ذریعے شاندار پرفا رمنس کا مظاہرہ کر کے حاضرین سے داد وصول کی ۔