پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ضلع گھوٹکی کے صدر بابر لنڈ اور سردار فیاض لنڈ پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے

حالات کا تقاضا اور ملک وملت کے مفاد میں ہے کہ جمہوریت پسند لوگ ایک مضبوط پلیٹ فارم پر متحد ہوں، رکن قومی اسمبلی فریال تالپور عوام 2018ء کے انتخابات کو آر او کا الیکشن نہیں بننے دیں گے، 2018ء کے بعد صدر، وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے گورنرز ووزرائے اعلیٰ جیالے ہوں گے

جمعہ 5 مئی 2017 23:24

ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2017ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ضلع گھوٹکی کے صدر بابر لنڈ اور سردار فیاض لنڈ پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ جمعہ کو فنکشنل لیگ کے دونوں رہنمائوں نے پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی فریال تالپور سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے فنکشنل لیگ چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فریال تالپور نے بابر لنڈ اور فیاض لنڈ کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنمائوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے ضلع گھوٹکی میں پیپلز پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ حالات کا تقاضا اور ملک وملت کے مفاد میں ہے کہ جمہوریت پسند لوگ ایک مضبوط پلیٹ فارم پر متحد ہوں۔ جمہوریت پسند رہنما وکارکنان چھوٹی چھوٹی پارٹیوں میں اپنی توانائیاں ضائع کرنے کے بجائے پیپلز پارٹی میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ نسل در نسل جاری تحریک کا نام ہے۔ عوام 2018ء کے انتخابات کو آر او کا الیکشن نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے بعد صدر، وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے گورنرز ووزرائے اعلیٰ جیالے ہوں گے۔