ْوفاقی وزیر زاہد حامد نے کول پاور پلانٹس سے ملک میں گرمی بڑھنے کے تاثر کو مسترد کردیا

لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے،انڈسٹریزبندہیں،بحران کے حل کا واحد راستہ کول پاور پلانٹس ہیں،لاکھڑا کول پاور اسٹیشن جامشورو، فوجی فرٹیلائیزر پاور پلانٹ کراچی فنکشنل ہیں ، پورٹ قاسم کول پاور پراجیکٹ سمیت دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے، وفاقی وزیر زاہد حامد کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کو بریفنگ کمیٹی کا وزارت موسمیاتی تبدیلی کے افسر کے صحافی پر تشدد کا نوٹس، وفاقی وزیر کیمعاملے کو خود دیکھنے کی یقین دہانی رکن کمیٹی بیرسٹرسیف اور پرویزرشید میں سابق صدر پرویز مشرف کیس کے حوالے سے دلچسپ جملوں کا تبادلہ

جمعہ 5 مئی 2017 16:37

ْوفاقی وزیر زاہد حامد نے کول پاور پلانٹس  سے ملک میں گرمی بڑھنے کے تاثر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مئی2017ء) وفاقی وزیر زاہد حامد نے کول پاور پلانٹس کی وجہ سے ملک میں گرمی بڑھنے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے،انڈسٹریزبندہیں،بحران کے حل کا واحد راستہ کول پاور پلانٹس ہیں،لاکھڑا کول پاور اسٹیشن جامشورو، فوجی فرٹیلائیزر پاور پلانٹ کراچی فنکشنل ہیں جبکہ پورٹ قاسم کول پاور پراجیکٹ سمیت دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے۔

وہ جمعہ کو ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کو بریفنگ دے رہے تھے۔ کمیٹی نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے افسر کی جانب سے صحافی پر تشدد کا نوٹس لے لیا،وفاقی وزیر زاہد حامد نے معاملے کو خود دیکھنے کی یقین دہانی کروا دی ،رکن کمیٹی بیرسٹرسیف اور پرویزرشید میں سابق صدر پرویز مشرف کیس کے حوالے سے دلچسپ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو چیئرمین سینیٹر یوسف بادینی کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں ہوا جس میں کول پاور پراجیکٹس کی آلودگی سے ملکی آب و ہوا پر پڑنے والے اثرات اور ان سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات، وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے کی طرف سے گزشتہ3سالوں میں لگائے گئے درختوں اور ان پر آنے والے اخراجات، درختوں کے کٹائو کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ممبران کمیٹی ، وفاقی وزیر زاہد حامد، ڈی جی میٹ ، وزارت موسمیاتی تبدیلی اور سی ڈی اے کے حکام نے شرکت کی۔وفاقی وزیر زاہد حامد نے کمیٹی کو کول پاور پلانٹس کے ماحول پر پڑنے والے اثرات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کول پاور پلانٹس کی وجہ سے ملک میں گرمی بڑھنے کا تاثر درست نہیں،لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے،انڈسٹریزبندہیں،بحران کے حل کا واحد راستہ کول پاور پلانٹس ہیں،پورٹ قاسم کول پاور پراجیکٹ سمیت دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے،لاکھڑا کول پاور اسٹیشن جامشورو، فوجی فرٹیلائیزر پاور پلانٹ کراچی فنکشنل ہیں۔

رکن کمیٹی سینیٹر پرویزرشید نے کہا کہ بھارت اپناکوئلہ استعمال کرکے دنیا میں اپنی مصنوعات پھیلاچکاہے۔اجلاس میں چیئرمین کمیٹی اور رکن کمیٹی سینیٹر مشاہد حسین سید نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے افسر کی جانب سے سینئر صحافی ارسلان اسد پر تشدد کامعاملہ اٹھایا گیا۔ چیئرمین کمیٹی یوسف بادینی نے کہا کہ سرکاری افسر کا وفاقی وزیر کی تقریب میں ایک صحافی پر تشدد ناقابل فہم ہے۔

کمیٹی کے ارکان نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ صحافی کو ہر صورت انصاف دلایاجائے۔ صحافی ارسلان اسد نے کمیٹی کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت کے سیکرٹری جانبدارانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں مجھ پر معاملہ ختم کرنے کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے ۔ جس پر وفاقی وزیر زاہد حامد نے یقین دہانی کروائی کہ میں خود اس معاملے کو دیکھوں گا، ہم میڈیا کی عزت کرتے ہیں، میں آج ہی اس معاملے کو نمٹاوں گا۔

رکن کمیٹی بیرسٹرسیف کمیٹی اجلاس میںتاخیر سے پہنچے جس پر ان میں اور سینیٹر پرویزرشید میں دلچسپ جملوں کا تبادلہ ہوا۔بیرسٹرسیف نے کہا کہ آج ایک بیگناہ کاکیس لڑنے گیا اس لیے کمیٹی میں تاخیرسے پہنچا،آج پرویزمشرف کیخلاف کیس کی سماعت تھی، جس پرپرویزرشید نے کہا کہ بیگناہ کوکہیں وطن واپس آئے،ہم سلیوٹ کریں گے، ذراہم بھی ان کی بے گناہی دیکھیں۔

پرویزرشید کے جواب پرکمیٹی ارکان نے قہقہے لگائے۔بیرسٹرسیف نے کہا کہ پرویزمشرف ضرور وطن واپس آئیں گے۔اجلاس میں سی ڈے اے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مار گلہ ہلززون تھری میں آتاہے جس میں تعمیرات کی اجازت نہیں۔چیئرمین کمیٹی نے سوال کیا کہ محکمہ موسمیات اندرون سندھ کیلئے گرمی کاالرٹ کیوں جاری نہیں ہوتا۔ جس پر ڈی جی محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہم باقی ملک کیلئے بھی علیحدہ الرٹ جاری کرتے ہیں،سمندری ہوابندہونے سے کراچی میں ایشوآتاہے، کراچی میں مارچ میں اتنی گرمی نہیں ہوتی تھی مگریہ مارچ بہت گرم رہا، مارچ میں درجہ حرارت نے اپناریکارڈ توڑدیا، رمضان میں گرمی بھی ہوگی اوربعض علاقوں میں بارش سے موسم بہترہوگا۔