مصر کی وزنی خاتون علاج کے لیے بھارت سے ابو ظہبی منتقل

ممبئی سے مال بردارطیارے کے ذریعے ابوظہبی کے ایک اسپتال منتقل کیاگیا،مصری فضائی کمپنی کا بیان

جمعہ 5 مئی 2017 12:53

مصر کی وزنی خاتون علاج کے لیے بھارت سے ابو ظہبی منتقل
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2017ء) غیرمعمولی موٹاپے کا شکار مصری خاتون ایمان عبدالعاطی کو علاج کے لیے بھارت کے شہر ممبئی سے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی منتقل کردیا گیا ،امریکی ٹی وی کے مطابق مصر کی فضائی کمپنی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ غیرمعمولی موٹاپے کا شکار مصری خاتون ایمان عبدالعاطی کو علاج کے لیے بھارت کے شہر ممبئی سے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی منتقل کردیا گیا ہے۔

مصری سرکاری ائیرلائن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ایمان عبدالعاطی کو گزشتہ روز قاہرہ کے معیاری وقت کے مطابق صبح 10 بجے ممبئی سے ایک مال بردار ہوائی جہاز کے ذریعے ابو ظہبی لایا گیا۔ وہ مسلسل تین ماہ تک بھارتی شہر ممبئی کے سیفی اسپتال میں زیرعلاج رہیں۔

(جاری ہے)

مصری فضائی سروس کے چیئرمین صفوت مسلم نے بتایا کہ ایمان عبدالعاطی کو سفری اور طبی سہولیات کی فراہمی سماجی اور انسانی فریضہ ہے۔

وہ ایک ایسی بیماری کا شکار ہیں جس میں سب اس کے ساتھ ہمدردی کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایمان عبدالعاطی کو بھارت سے ابو ظہبی منتقل کرنے کا مقصد مریضہ کو علاج کا زیادہ بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔مصری ایئرلائن کمپنی کے چئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر باسم جوہر نے بتایا کہ ایمان عبدالعاطی کو جس طیارے سے قاہرہ سے ممبئی لے جایا گیا تھا، اسی سے ممبئی سے ابو ظہبی لایا گیا۔

وہ امارات کے مقامی وقت کیمطابق رات آٹھ بجے ابو ظہبی پہنچیں۔ان کا کہنا تھا کہ غیرمعمولی وزن اور موٹاپے کے باعث طیارے کا خصوصی گیٹ تیار کیا گیا تھا۔ کیونکہ معمول کی پرواز کے ذریعے ایمان کو جہاز میں سوار کرنا ممکن نہیں تھا۔خیال رہے کہ مصری خاتون ایمان عبدالعاطی غیرمعمولی موٹاپے کا شکار ہونے کے باعث کئی سال تک مصرمیں اپنے گھر پر پڑی رہیں۔

چند ماہ قبل بھارتی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے اس کا ممبئی میں علاج کرانے کا اعلان کیا تھا۔ اسے علاج کے لیے قاہرہ سے ممبئی لایا گیا جہاں تین ماہ تک اس کا وزن کم کرنے کی کوشش کی گئی۔ہ اطلاعات آئی تھیں کہ ایمان کا 500 کلو گرام میں سے آدھا وزن کم ہوگیا ہے تاہم وہ وزن کے علاوہ کئی دوسری جسمانی پیچیدگیوں کا شکار ہے جس کے بعد اسے اماراتی طبی ماہرین کی زیرنگرانی علاج کے لیے ابو ظہبی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔