Live Updates

تحریک انصاف کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کے حوالے سے قانون و ضوابط سے پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا، پی آئی ڈی میں صرف حکومتی آفیشلز اور وزراء ہی پریس کانفرنس کر سکتے ہیں، تحریک انصاف کو قوانین کی خلاف ورزی کی عادت پڑ چکی ہے ، وہ سمجھتے ہیں کہ وہ کہیں بھی جا کے کچھ بھی کر سکتے ہیں ، اونچی آواز میں کسی ادارے کو گالی دیکر اسے دبائو میں نہیں لایا جا سکتا

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی مختلف نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو

جمعرات 4 مئی 2017 23:30

تحریک انصاف کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کے حوالے سے قانون و ضوابط ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کے حوالے سے قانون و ضوابط سے پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا، پی آئی ڈی میں صرف حکومتی آفیشلز اور وزراء ہی پریس کانفرنس کر سکتے ہیں، تحریک انصاف کو قوانین کی خلاف ورزی کی عادت پڑ چکی ہے ، وہ سمجھتے ہیں کہ وہ کہیں بھی جا کے کچھ بھی کر سکتے ہیں ، اونچی آواز میں کسی ادارے کو گالی دیکر اسے دبائو میں نہیں لایا جا سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پی آئی ڈی میں پہلے بھی پریس کانفرنس کرنے کی کوشش کی لیکن انہیں خط کے ذریعے لکھ کر یہ بتا بھی دیا گیا تھا کہ کون یہاں پریس کانفرنس کر سکتا ہے اور پی آئی ڈی کے قانون و ضوابط کیا ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی نے آج ہر جگہ یہ اعلان کیا کہ ہم پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرنے آ رہے ہیں اور تحریک انصاف کی طرف سے صرف 15منٹ پہلے کسی کے ہاتھ خط آیا اور پھر نعیم الحق صاحب پی آئی ڈی پہنچ گئے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں قوانین ہوتے ہیں انہیں ماننا لوگوں کا فرض ہے۔ پی ٹی آئی والے پہلے بھی پی آئی ڈی آئے اور پریس کانفرنس کی کوشش کی لیکن یہ بات میں پہلے بھی کہہ چکی ہوں کہ میں ان کی بہت عزت کرتی ہوں کیونکہ وہ ایک سیاسی جماعت کے کارکن ہیں اس لیے ان کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ ملکی قوانین و ضوابط کی پاسداری کریں جو ان کا فرض بھی ہے لیکن جس سیاسی جماعت کے یہ لوگ کارکن ہیں ان کے قائد عمران خان صاحب شاید یہ سمجھتے ہیں اور اپنے لوگوں کو یہ سکھاتے ہیں کہ اس طرح اونچی آواز میں بولنے سے اور قوانین کی خلاف ورزی سے ان کی بات سچ ہو جائے گی لیکن ایسا ہرگز نہیں۔

اونچی آواز میں کسی ادارے کو گالی دیکر اسے دبائو میں نہیں لایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو قوانین کی خلاف ورزی کی عادت پڑ گئی ہے لیکن پی آئی ڈی میں قانون کی خلاف ورزی نہیں ہو سکتی۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف یہ سب کچھ صرف سکرین پر رہنے اور سستی شہرت کے لیے کر رہی ہے اور اسی وجہ سے وہ اس طرح کی حرکتیں کرتے ہیں حالانکہ انہیں میری اور میرے ادارے کی طرف سے دوٹوک الفاظ میں یہ بتایا گیا تھا کہ حکومت کے وزراء اور سرکاری حکام ہی صرف یہاں پریس کانفرنس کر سکتے ہیں اور نعیم الحق صاحب جو پی آئی ڈی میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی پریس کانفرنس کی بات کر رہے ہیں تو انہیں یہ بھی پتہ ہونا چاہیئے کہ طارق فضل چوہدری بھی کیڈ کے وزیر ہیں۔

نعیم الحق وزیر نہیں اور پی آئی ڈی میں صرف حکومتی آفیشلز ہی پریس کانفرنس کر سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو قوانین کی خلاف ورزی کی عادت پڑ چکی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ وہ کہیں بھی جا کے کچھ بھی کر سکتے ہیں لیکن قوانین کے مطابق ایسا نہیں ہوتا۔ پی ٹی آئی کو اگر پہلے اجازت دے بھی گئی تھی تو انہوں نے اس کی خلاف ورزی کی اسی وجہ سے انہیں اب یہ اجازت نہیں دی گئی۔

پی ٹی آئی والے ایک جلوس کی شکل میں آ کر ادارے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں جو نامناسب ہے کیونکہ جب انہیں ایک بار باضابطہ یہ بتا دیا گیا ہے کہ نہ تو وہ حکومتی آفیشلز ہیں اور نہ ہی کوئی وزیر اور پی آئی ڈی میں صرف حکومتی آفیشلز اور وزراء ہی پریس کانفرنس کر سکتے ہیں۔ مریم اور نگزیب کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ پی ٹی آئی والے تشریف لائیں گے تو میں انہیں اس بات کی اجازت دینے کا سوچوں گی کیونکہ مجھے ان کے ساتھ بیٹھنا ضروری ہوتا ہے اور اگر وہ میرے ساتھ بیٹھ کر پریس کانفرنس کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کی مرضی ہے لیکن ملکی قوانین اور ضوابط کے مطابق پی آئی ڈی میں صرف حکومتی آفیشلز اور وزراء ہی پریس کانفرنس کر سکتے ہیں اور یہ بات تحریری طور پر بھی پی ٹی آئی کو بتا دی گئی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن بدتمیزی اور اشتعال انگیزی کو ہوا دیتے ہیں کیونکہ ان کے لیڈر نے انہیں یہی کچھ ہی تو سکھایا ہے اس لیے وہ وہی زبان بولیں گے جو ان کے قائد نے انہیں سکھائی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات