صوبہ کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،گورنر سندھ

سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے صنعتی فعالیت اور معاشی سرگرمی کا نیا دور شروع ہو گا، منصوبہ کے ثمرات عوام تک یقینی بنائیں گے،وفاقی وزیر غلام مرتضی جتوئی سے ملاقات

جمعرات 4 مئی 2017 23:28

صوبہ کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے صنعت و پیداوار کے وفاقی وزیر غلام مرتضی جتوئی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبہ کی مجموعی سیاسی صورتحال ، ترقیاتی منصوبوں اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیاگیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ کی ترقی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے صنعتی فعالیت اور معاشی سرگرمی کا نیا دور شروع ہو گا ، منصوبہ کی افادیت سے بھرپو ر فائدہ حاصل کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے ثمرات عوام تک پہنچانے کو یقینی بنائیں گے ، 62 ارب ڈالر ز تخمینہ سے شروع ہونے والے منصوبہ میں توانائی کے لئے 32 ارب ڈالرز مختص ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگلے برس 10500 میگا واٹس بجلی نیشنل گرڈ اسٹیشن میں داخل ہو جائے گی ، صنعتی پیداوار میں اضافہ سے خوشحالی آئے گی ،عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے بھی بروقت مکمل ہونگے ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا کہ وفاقی حکومت صنعتی ترقی اور پیداوار میں اضافہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے ، یہاں موجود صنعتوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ۔