سی پیک منصوبہ سے پاکستان خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہو گیا۔ گورنر سندھ

جمعرات 4 مئی 2017 23:24

سی پیک منصوبہ سے پاکستان خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہو گیا۔ گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان ایک روشن ، تابناک اور خوشحال دور میں داخل ہو چکا ہے، سی پیک منصوبہ کے تحت ملک بھر میں نئی سڑکیں، ہائی ویز، ایئر پورٹس اور سی پورٹس تعمیر ہوں گی جس سے تیز ترین معاشی دور کا آغاز شروع ہو جائے گا۔

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری تجارتی ترقی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر معروف صنعت کار زبیر طفیل، خالد تواب، عبد الرحیم سومرو، ڈاکٹر سجاد، عارف حبیب، ڈاکٹر اختیار بیگ سمیت دیگر بھی شریک تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کا روشن مستقبل ہے، منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان اور چین دونوں ممالک بھرپور استفادہ حاصل اور دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم و مضبوط ہوں گے، یہ ایک طویل منصوبہ ہے جو 2030ء تک مکمل کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے جس میں توانائی، میری ٹائم شپنگ، فوسٹر کنیک ٹیویٹی وردوطرفہ تعاون کو مزید بڑھایا جا سکے گا، اس منصوبہ سے پورے ملک میں بنیادی انفرااسٹرکچر فراہم ہو گا، سی پیک سے کراچی پورٹ، بن قاسم اور گوادر پورٹس مزید فعال اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے اضافہ ہو گاکیونکہ اس منصوبہ میں پانچ متحرک صنعتی زونز بھی تعمیر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جن علاقوں پر بھرپور توجہ مرکوز کی جارہی ہے ان میں ساحلی سیاحت کے انفرااسٹرکچر کی ترقی، فراہمی و نکاسی آب، مرکزی بینک، بزنس آرگنائزیشن اور فنانس مارکیٹ میں تعاون جبکہ چین کے صوبہ سنککیانگ کی طرح گلگت بلتستان کی ترقی، گوادر شپ یارڈ کی ترقی، گوادر میں عالمی معیار کی یونیورسٹی کا قیام اور متبادل ذرائع آمد رفت کے لئے فیر سروس شامل ہے۔