کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مزید تین دہشتگردوں کو پھانسی دے دی گئی

جمعرات 4 مئی 2017 22:01

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2017ء) کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مزید تین دہشتگردوں کو جمعرات کے روز پھانسی دے دی گئی جنہیں اس سے پہلے فوجی عدالتوں نے موت کی سزا سنائی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد بے گناہ شہریوں کی ہلاکت‘ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں سمیت دہشتگردی کے گھنائونے جرائم میں ملوث پائے گئے تھے۔

جن دہشتگردوں کو پھانسی دی گئی ان میں حسن ڈار‘ عمرزادہ اور حضرت علی شامل ہیں۔ حسن ڈار ولد محمد رحیم تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم رکن تھا اور وہ شہریوں کی ہلاکت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے میں معاونت کرنے میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبلز کی موت ہوئی۔

(جاری ہے)

اس کے قبضہ سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا۔ اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے روبرو اپنے جرائم کا اعتراف کیا لہذا اسے موت کی سزا سنائی گئی اور پھانسی دے دی گئی۔

عمرزادہ ولد گل رحمن بھی تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم رکن تھا وہ پاک فوج پر حملوں میں ملوث پایا گیا جس سے سپاہیوں کی شہادت ہوئی اور زخمی بھی ہوئے۔ اس کے قبضے سے بھی دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے روبرو اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔ اسے موت کی سزا سنائی گئی اور پھانسی دے دی گئی۔ حضرت علی ولد فضل ربی بھی تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم رکن تھا۔ وہ دھماکہ خیز مواد نصب کرنے اور شہریوں کی ہلاکت میں ملوث پایا گیا وہ مسلح افواج پر حملوں کا بھی مرتکب پایا گیا۔ اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے روبرو اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔ اسے موت کی سزا سنائی گئی اور پھانسی دے دی گئی۔