حکومت میڈیا کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پرعزم ہے‘ آئی ٹی این ای میں صحافیوں کے مقدمات تیزی سے نمٹانے کے لئے طریقہ کار وضع کیا جائے گا‘ صحافیوں کی سلامتی اور فلاح و بہبود کے لئے بل تیار کیا جارہا ہے اور اسے متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے حتمی شکل دی جائے گی،ویج بورڈ ایوارڈ صحافیوں کا حق ہے‘ یہ حق انہیں مل کر رہے گا،صحافیوں کی پیشہ وارانہ مہارتوں میں اضافہ کے لئے انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں کورسز شروع کئے جارہے ہیں

وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا آر آئی یو جے دستور گروپ کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب

بدھ 3 مئی 2017 23:46

حکومت میڈیا کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پرعزم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2017ء) وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پرعزم ہے‘ اخباری ملازمین کے عملدرآمد ٹریبونل (آئی ٹی این ای) میں صحافیوں کے مقدمات تیزی سے نمٹانے کے لئے طریقہ کار وضع کیا جائے گا‘ ریجنل اخبارات میں کام کرنے والے صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس دستور گروپ کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی سلامتی اور فلاح و بہبود کے لئے بل تیار کیا جارہا ہے اور اسے متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے حتمی شکل دی جائے گی۔

(جاری ہے)

نئے بل کے تحت صحافیوں کا قانونی تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ ویج بورڈ ایوارڈ صحافیوں کا حق ہے‘ یہ حق انہیں مل کر رہے گا۔ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اس سلسلے میں کچھ پیچیدگیاں ہیں تاہم اس سلسلے میں وزارت قانون سے رائے طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحافیوں کو دیگر ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ملک سے زیادہ آزادی حاصل ہے۔ رپورٹر کا کام تقاریب اور واقعات کی رپورٹنگ کرنا ہوتا ہے نہ کہ اپنے خیالات پیش کرنا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت صحافیوں کو پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ صحافیوں کی پیشہ وارانہ مہارتوں میں اضافہ کے لئے انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں کورسز شروع کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلبوں میں سہولیات کو بہتر بنایا گیا ہے۔ قومی اسمبلی‘ سینٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے بعد پریس کلب وہ جگہ ہے جہاں صحافی عوام کے حقوق اور جمہوری نظام کے استعمال کے لئے آواز بلند کرتے ہیں۔

جمہوریت قلم کی طاقت سے مضبوط ہوتی ہے۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ ترقی و خوشحالی‘ استحکام اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کریں۔ انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس دستور کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :