مریخ پرانسانوں کی آباد کاری کے لیے اینٹوں کا مسئلہ حل ہوگیا

بدھ 3 مئی 2017 22:48

مریخ پرانسانوں کی آباد کاری کے لیے  اینٹوں کا مسئلہ حل ہوگیا

انسان زمین کی حد سے نکل کر دوسرے سیاروں پر کمند ڈال رہا ہے۔ چاند اور مریخ پر انسانی آباد کاری کے کئی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ زیادہ تر کام تو ابھی تحقیق کے مراحل میں ہی ہے۔ ایک نئی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ اگر مریخ پر بڑے پیمانے پر انسانوں کی آبادکاری کی گئی تو ایسا کرنے میں زیادہ مشکل پیش نہیں آئے گی۔

(جاری ہے)

مریخ پر انسانوں کی رہائش کے لیے مکانات تعمیر کرنے کے لیے زمین سے اینٹیں اور دوسرا مواد لے جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ مریخ کی مٹی میں ایسی خصوصیات ہیں، جن سے مکانوں کی تعمیر کے لیے اینٹیں بنائی جا سکتیں ہیں۔


یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے سائنسدانوں کی سائنٹیفک رپورٹس میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق مریخ کی مٹی سے بغیر کسی بیرونی آنچ یا تپش کے اینٹیں بنائی جا سکتیں ہیں۔ اس کے لیے انہوں نے مریخ کی مٹی سے ملتے جلتے مادے کے ساتھ تجربات کیے۔ماہرین نے اپنے تجربات میں جو اینٹیں بنائیں ہیں وہ کنکریٹ کی طرح مضبوط ہیں۔ اس سے پہلے یہ ٹیم چاند کی مٹی سے ملتے جلتے مادے کے ساتھ بھی اینٹیں بنانے کے تجربات کر چکی ہے۔