کابل میں نیٹو کے فوجی قافلے کے قریب خودکش حملہ میں 8افراد ہلاک، 25 زخمی، ننگرہار میں دو مختلف واقعات میں 42 عسکریت پسند ہلاک، تخار میں جھڑپوں میں 11 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق، قندہار میں طالبان نے اپنے ہی 8 ساتھیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا

بدھ 3 مئی 2017 12:06

کابل میں نیٹو کے فوجی قافلے کے قریب خودکش حملہ میں 8افراد ہلاک، 25  زخمی، ..
کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2017ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نیٹو کے فوجی قافلے کے قریب خودکش حملہ میں 8افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے،ننگرہار میں دو مختلف واقعات میں 42عسکریت پسند ہلاک ہوگئے، تخار میں جھڑپوں میں 11سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 15افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے،قندہار میں طالبان نے اپنے ہی 8ساتھیوں کو گولی مارکر ہلاک کردیا ۔

افغان میڈیا نے وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کے حوالے سے بتایا کہ بدھ کی صبح آٹھ بجے افغان دارالحکومت کابل کے مسعود اور عبد الحق چوک کے درمیان امریکی سفارتخانے کے قریب خودکش حملہ آور نے نیٹو کی بکتر بند گاڑیوں کے قافلے کے قریب خود کو دھماکہ سے اڑا لیا جس کے نتیجہ میں 8افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹردور تک سنی گئی۔

دھماکے کے بعد ایک ٹویوٹا کرولا کار میں آگ لگ گئی تاہم اس بات کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی کہ خود کش حملہ آور اسی کار میں سوار تھا۔ترجمان کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے عام شہری ہیں۔ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقوں کو گھیر ے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔

صوبہ ننگرہار میں دو مختلف واقعات میں 42عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق ننگرہار میں طالبان اورداعش کے جنگجووں کے درمیان جھڑپ میں کم سے کم 27عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق اسی صوبے میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں داعش کے 15ارکان ہلاک اورمتعددزخمی ہوگئے۔ ننگرہار میں حالیہ دنوں میں طالبان اورداعش کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔

شمالی صوبہ تخار میں جھڑپوں میں 11سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 15افراد ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق یہ جھڑپیں خواجہ بہاؤالدین ضلع میں ہوئیں جس میں درجنوں طالبان مارے گئے۔حکام نے ان جھڑپوں میں 11سیکیورٹی اہلکاروں اور4شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔صوبہ خوست میں ایک جھڑپ میں تین سیکیورٹی اہلکار اوردوعسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔قندہار میں طالبان نے اپنے ہی 8ساتھیوں کو گولی مارکر ہلاک کردیا ۔یہ واقعہ میاں شین ضلع میں پیش آیا۔