کراچی کی بلدیاتی حدو د میں گٹکا بنانے والے تمام کارخانوں کو بند ،کے ایم سی کے مرکزی دفتر میں پان گٹکا کھانے اور تھوکنے پر فوری طور پر پابندی عائد کردی جائے، میئر کراچی وسیم اختر

منگل 2 مئی 2017 21:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کی بلدیاتی حدو د میں گٹکا بنانے والے تمام کارخانوں کو بند کرنے کے لئے فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایسے اشخاص اور کارخانوں کو تنبیہ کی جائے کہ اگر انہوں نے فوری اپنا کاروبار ازخود بند نہیں کیا تو ایسی تمام فیکٹریوں اور جگہوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں سیل کردیا جائے گا جہاں مضر صحت گٹکا اور دیگر اشیاء تیار کی جا رہی ہیں۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں کے سربراہوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر حنیف محمد مرچی والا ، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، مشیر مالیات خالد محمود شیخ، سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم جمیل فاروقی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گٹکا تیار کرنے والے افراد شہریوں کی صحت سے کھیل رہے ہیں اور پان، گٹکا ، سپاری، مین پوری نہ صرف شہریوں کی صحت برباد کررہی ہے بلکہ اس سے کینسر جیسے موذی مرض میں بھی شہری مبتلا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے میونسپل کمشنر حنیف محمد مرچی والا کو ہدایت کی کہ کے ایم سی کے مرکزی دفتر میں پان گٹکا کھانے اور تھوکنے پر فوری طور پر پابندی عائد کردی جائے اور تمام محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی کہ اپنے دفاتر کی حدود میں ایسی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ کے ایم سی بلڈنگ کی حدود میں کے ایم سی کا کوئی ملازم پان، گٹکا یا مین پوری کھاتا یا تھوکتا ہوا پایا گیا تو اس کا ذمہ دار متعلقہ محکمے کا سربراہ ہوگا جس کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسے ملازم کو فوری طور پر معطل کردیا جائے گا اس حوالے سے میونسپل کمشنر نے فوری طور پر حکم نامہ جاری کردیا ہے جس میں ملازمین کو ہدایات جاری کردی گئی ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کا مرکزی دفتر شہر کے قلب میں واقع ایک تاریخی اور خوبصورت عمارت سمجھا جاتا ہے لہٰذا بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام ملازمین کی اولین ذمہ داری ہے کہ اس خوبصورت عمارت کی تاریخی حیثیت کو بحال رکھیں اور کوئی ایسی حرکت نہ کریں جس سے اس عمارت کا حسن متاثر ہو۔بلدیہ عظمیٰ کراچی کی انتظامیہ نے کے ایم سی بلڈنگ کی حدود میں گٹکا، پان وغیرہ کھانے اور تھوکنے کے ناپسندیدہ عمل کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے یہ ہدایت جاری کی ہے تاکہ کے ایم سی کی تاریخی عمارت میں گندگی اور غیر صحت بخش ماحول سے بچا جاسکے۔

دریں اثناء میئر کراچی وسیم اختر نے سینئر ڈائریکٹر فوڈاینڈ کوالٹی کنٹرول کو ہدایت کی ہے کہ کراچی کی حدود میں گٹکا بنانے والے تمام کارخانوں کو بند کرانے کے لئے کارروائی کی جائے انہوں نے ازخود اپنا کاروبار بند نہ کیا تو ایسی تمام فیکٹریوں اور جگہوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی جہاں مضر صحت گٹکا اور دیگر اشیاء تیار کی جاتی ہیں اور شہریوں کی صحت سے کھیلا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :