وفاق اور صوبوں کا سیاسی استحکام برقرار رکھنے کے لئے اپنی سطح پر اقدامات کا اعلان

وزیراعظم اور وزراء اعلیٰ میں قریبی رابطوں پر اتفاق، صوبوں کے حقوق کی فراہمی کیلئے جو ممکن ہوگا تعاون کرینگے ، وزیراعظم آئینی حقوق کے معاملے پر موقف میں ذرا برابر لچک پیدا نہیں کی جائے گی‘ اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کے قدرتی وسائل پر حق ملکیت کو تسلیم کیا گیا ہے اور اس میں کوئی ابہام نہیں‘ وفاق کے ساتھ آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، وزراء اعلی

منگل 2 مئی 2017 15:03

وفاق اور صوبوں کا سیاسی استحکام برقرار رکھنے کے لئے اپنی سطح پر اقدامات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 مئی2017ء) وفاق اور صوبوں نے سیاسی استحکام برقرار رکھنے کے لئے اپنی اپنی سطح پر اقدامات کا اعلان کردیا‘ تعاون کی ساز گار فضا کے لئے وزیراعظم اور وزراء اعلیٰ میں قریبی رابطوں پر اتفاق کیا گیا ہے‘ وزیراعظم نے کہا ہے کہ صوبوں کے آئینی ‘ قانونی حقوق کی فراہمی کے لیء وفاق سے جو ممکن ہوگا کرے گا جبکہ صوبوں نے بھی واضح کیا ہے کہ اپنے آئینی حقوق کے معاملے پر موقف میں ذرا برابر لچک پیدا نہیں کی جائے گی‘ اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کے قدرتی وسائل پر حق ملکیت کو تسلیم کیا گیا ہے اور اس میں کوئی ابہام نہیں‘ وفاق کے ساتھ آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

اس امر کا اظہار منگل کو وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزراء اعلی کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ شہباز شریف‘ مراد علی شاہ‘ پرویز ختک اور نواب ثناء الله زہری نے ملک کی تعمیر و ترقی و خوشحالی کے لئے سیاسی استحکام برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وفاق کو صوبوں کے حقوق کے حوالے سے مطمئن کیا جانا ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بھی واضح کیا کہ وہ چاروں صوبوں میں یکساں ترقی چاہتے ہیں اور چاروں صوبوں کے اہم شہروں میں ان کی طرف سے مختلف میگا منصوبوں کا اعلان بھی کیا گیا ہے اور ترقیاتی پیکجز کا اعلان کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق صوبوں کو وسائل کی فراہمی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا مکمل ادراک رکھتا ہے۔ وفاق اور صوبے مل کر ملک کی تعمیر و ترقی و خوشحالی کو یقینی بنائیں گے اور صوبوں کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔ وزراء اعلیٰ کی بعض تجاویز پر انہوں نے مختلف وزارتوں اور اداروں کو ہدایات بھی جاری کیں۔