کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2017ء) پاکستان
مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہم پر
کرپشن کا الزام لگانے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں ۔ ملک میں
کرپشن کا ڈان کون ہے ۔ یہ پوری قوم جانتی ہے ۔ زرداری اور
عمران خان کی
گو نواز گو تحریک کو عوام مسترد کر چکے ہیں ۔ پورے ملک میں ان کے جلسے نہیں بلکہ جلسیاں ہو رہی ہیں ۔
وزیر اعظم نواز شریف کسی صورت میں مستعفی نہیں ہوں گے اور قانون کے مطابق اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا سامنا ماضی کی طرح اب بھی عدالتوں میں کریں گے ۔ (ن) لیگ کی حکومت ملک بھر میں عوام کی ترقی کے لیے بے لوث خدمت کر رہی ہے ۔ 2018 ء کے الیکشن میں بھی (ن) لیگ ہی کامیاب ہو گی اور نواز شریف ہی وزیر اعظم منتخب ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان
مسلم لیگ (ن) کے صدر بابو سرفراز خان جتوئی ، سیکرٹری جنرل سنیٹر نہال ہاشمی ،سنیٹرسلیم ضیاء، مسلم لیگ لیبرونگ
سندھ کے جنرل سیکرٹری رحیم اعوان،
کراچی ڈویژن کے صدرسید منور رضا ، سیکرٹری جنرل خواجہ طارق نذیر اور دیگر رہنماؤں نے پیر کو
مسلم لیگ (ن) لیبرونگ
سندھ کے تحت مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر
سندھ مسلم لیگ ہاؤس کارساز میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
(جاری ہے)
اس موقع پر مسلم لیگ کے زین انصاری سمیت کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ماضی میں بھی ملک میں موٹرویز، یلوکیب سمیت بڑے ترقیاتی کام کرائے اور اب مسلم لیگ کی حکومت کا
ایجنڈا ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے بجلی گھروںکی تعمیر اور معاشی ترقی ہے اور اس ایجنڈے پر وزیر اعظم اور ان کی ٹیم عمل پیرا ہے ۔
آج
عمران خان اور زرداری ٹولہ وزیر اعظم کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اور یہ دونوں جماعتیں خواب دیکھ رہی ہیں کہ آئندہ ملک میں حکمرانی ان کی ہو گی لیکن شاید وہ یہ بھول گئے ہیں کہ حکومت ان کو ملتی ہے ، جو عوام کی خدمت کرتے ہیں ۔ زرداری پہلے
سندھ پر اور
عمران خان پہلے کے پی کے پر توجہ دیں پھر
گو نواز گو کی بات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ 2018 ء کے الیکشن قریب ہیں ۔
آئندہ انتخابات میں سوا سال کا عرصہ رہ گیا ہے ۔ اگر کسی کو وزیر اعظم بننے کا شوق ہے تو وہ آئندہ انتخابات میں ہمارا مقابلہ کر لے ۔ پھر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی سامنے آجائے گا
۔مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بابو سرفراز جتوئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے
سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر
کرپشن اور لوٹ مار کے علاوہ کچھ نہیں کیا اور صوبہ بھر کی حالت عوام کے سامنے ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت کس منہ سے وزیراعظم محمد نواز شریف پر تنقید کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے گذشتہ دور حکومت میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا اور ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا، وزیراعظم محمد نواز شریف نے بجلی بحران کے خاتمے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر توانائی منصوبوں کا آغاز کیا جس سے توانائی بحران پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اور انشاء اللہ 2018ء میں بحران کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔
سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین
عمران خان نے قوم کو مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں دیا اور ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈال کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں عوامی خدمت کے حوالے سے آج تک کوئی قابل ذکر کام نہیں ہوا جبکہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترقی و خوشحالی کے سفر کو ملک بھر میں پھیلا دیا ہے جس کے ثمرات سی پیک کی صورت میں کے پی کے میں بھی نظر آ رہے ہیں۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ
عمران خان کی الزام تراشی کی سیاست سے عوام بیزار آ چکے ہیں اور پی ٹی آئی کے پی کے میں بھی اپنی مقبولیت کھو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ
کراچی اور
سندھ کے دیگر شہروں کی خستہ حالی دیکھ کر پیپلز پارٹی کی کارکردگی کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔سنیٹرسلیم ضیاء نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت نے
کراچی کے امن وامان کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر کے شہر قائد کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنا دیا جبکہ شہر سے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کا خاتمہ وفاقی حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ
مسلم لیگ (ن) وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک بھر میں مضبوط ہو رہی ہے اور آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔سید منور رضا اور خواجہ طارق نذیر نے اپنے خطاب میں کہاکہ پیپلز پارٹی والے ہم پر
کرپشن کا الزام لگاتے ہیں ۔ وہ اس بات کا جواب دیں کہ
سندھ میں اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کہاں خرچ ہوئے ہیں اور
عمران خان یہ بتائیں کہ وہ جس بادشاہانہ طرز کی زندگی گزار رہے ہیں ۔
وہ تو کوئی ملازمت بھی نہیں کرتے ہیں تو پھر یہ اخراجات کہاں سے آتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ
مسلم لیگ (ن) کی حکومت قومی اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے اور ہم اداروں کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں ۔ آج ملک معاشی طور پر خوش حال ہو گیا ہے اور سی پیک کی تکمیل اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے بعد پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی ۔
کراچی میں امن اور گرین لائن بس منصوبہ وزیر اعظم نواز شریف نے دیا ہے اور آئندہ الیکشن میں
سندھ سے بھی پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا
صفایا کر دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں اور جلسے منعقد کیے جائیں گے اور جلد وزیر اعظم
کراچی کا دورہ کرکے بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے اور
کراچی کی ترقی کے لیے بڑے پیکیج کا اعلان کیا جائے گا ۔ #