ایف آئی اے نے غیر قانونی طور پر گردے خریدنے والے دو غیر ملکیوں کوبھی حراست میں لیکر شامل تفتیش کرلیا

پیر 1 مئی 2017 22:30

ایف آئی اے نے غیر قانونی طور پر گردے خریدنے والے دو غیر ملکیوں کوبھی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2017ء) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے غیر قانونی طور پر گردے خریدنے والے دو غیر ملکیوں کوبھی حراست میں لیکر شامل تفتیش کرلیا ، آزاد کشمیر میں اعضاء کی پیوندکاری کاایکٹ نافذ نہ ہونے کے باعث کارروائی کیلئے وزارت داخلہ سے خصوصی اجازت لینے کافیصلہ کرلیا گیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے ہفتہ کی رات نجی ہائوسنگ سوسائٹی سے غیر قانونی طور پر گردوں کی پیوندکاری کروانے والے عمان کے دوشہریوں کو بھی حراست میں لیا ہے جن سے سارے معاملات بارے پوچھ گچھ کی جائے گی ۔

ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جمیل خان نے بتایا کہ ڈاکٹروں سے ملنے والی معلومات کے بعد تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیا ہے اور اسی تناظر میں گردے خریدنے والے عمان کے شہریوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں اعضاء کی پیوند کاری کے ایکٹ کا نفاذ نہیں ہوتا اس لئے وہاں کارروائی کیلئے وزارت داخلہ سے خصوصی اجازت لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔