Live Updates

پوری قوم کو دعوت دیتا ہوں وہ اداروں اور ملک کو تباہ کرنیوالوں کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں، عمران خان

جب ہم کرپشن اور کرپٹ عناصر کے خلاف تحریک چلائیں گے تو یہ تحریک ان کی رخصتی تک جاری رہے گی گونواز گو کا نعرہ لگانا گناہ نہیں،گو نواز گو کی تحریک کو اس کی منزل مقصود تک پہنچائینگے ، کراچی غلط سیاست کی نظر ہو کر تباہ ہو گیا کراچی غلط سیاست کی نذرہو کر تباہ ہو گیا، کراچی والوں کے پاس اب سنہری موقع ہے وہ اٹھ کھڑے ہوں اور ہمارا ساتھ دیں، جس ملک کے حکمران صادق اور امین ہوں وہاں قطریوں کی ضرورت نہیں ہوتی ، اگر پورا ملک متحرک ہو گیا تو پاکستان بدل جائیگا ، میمن کمیونٹی سے خطاب

پیر 1 مئی 2017 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پوری قوم کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ اداروں اور ملک کو تباہ کرنے والوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ۔ جب ہم کرپشن اور کرپٹ عناصر کے خلاف تحریک چلائیں گے تو یہ تحریک ان کی رخصتی تک جاری رہے گی ۔ گونواز گو کا نعرہ لگانا گناہ نہیں ۔ گو نواز گو کی تحریک کو اس کی منزل مقصود تک پہنچائیں گے ۔

کراچی غلط سیاست کی نظر ہو کر تباہ ہو گیا ۔ کراچی والوں کے پاس اب سنہری موقع ہے کہ وہ اٹھ کھڑے ہوں اور ہمارا ساتھ دیں ۔ تحریک انصاف خاندانی پارٹی نہیں ۔ ہمارا مقصد ملک کو کرپشن سے پاک کرنا ، عد ل و انصاف کا نظام قائم کرنا اور پاکستان کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنانا ہے ۔ ان مقاصد کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

جس ملک کے حکمران صادق اور امین ہوں ، وہاں قطریوں کی ضرورت نہیں ہوتی ۔

اگر پورا ملک متحرک ہو گیا تو پاکستان بدل جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو آل پاکستان میمن فیڈریشن کے تحت میمن ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 25 برس قبل جب میں نے شوکت خانم اسپتال کے لیے چندہ جمع کرنا شروع کیا تو یہ مشکل کام تھا ۔ اس وقت ساؤتھ افریقہ میں موجود میمن کمیونٹی نے میرا بھرپور ساتھ دیا اور اب بھی پاکستان میں میمن کمیونٹی شوکت خانم اسپتال کو بھرپور عطیات دیتے ہیں ۔

میمن کمیونٹی کی پاکستان کی ترقی میں بڑی خدمات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی انسان اس دنیا میں آتا ہے تو اسے اپنی زندگی کے مقصد کا تعین کرنا چاہئے ۔ انسان کے پاس دو راستے ہوتے ہیں یا تو وہ فلاح کے راستے کی طرف چلا جائے یا گمراہی کی طرف مائل ہو جائے ۔ ہمارا دنیا میں آنے کا مقصد یہ ہے کہ ہم اللہ کی زمین پر انسانیت کی خدمت کریں اور دین کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل کریں ۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کی بڑی بدقسمتی ہے کہ ملک میں ظلم ہو رہا ہے لیکن قوم خاموش بیٹھی ہے لیکن میں خاموش نہیں ہوں ۔ میں قوم کو متحرک کرنے کی کوشش کر رہا ہوں ۔ 21 سال سے میری جدوجہد کا مقصد یہ ہے کہ پڑھے لکھے اور قابل لوگ سیاست میں آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھتہ خوری ، اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ ماضی میں عروج پر رہی ہے ۔

کراچی غلط سیاست کی نظر ہو کر تباہ ہو گیا اور یہاں کے شہری اس کی سیاست کے غلام ہو گئے ۔ جس کا نقصان پورے ملک کو ہوا ۔ کراچی والوں کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنی غلطی کو سدھاریں اور کرپشن سے پاک معاشرے اور ملک میں عدل و انصاف قائم کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک کے حکمران صادق اور امین نہیں رہیں گے تو پھر ملک میں کرپشن عروج پر ہو گی ۔

موجود حکمرانوں کی غلطیوں کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے ۔ 1960 ء میں ہماری برآمدات سنگاپور اور دیگر ممالک سے زیادہ تھی ۔ آج پاکستان کی برآمدات 25 ارب ڈالرز اور سنگاپور کی برآمدات 520 ارب ڈالرز ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے پوری قوم کو قرضے میں جکڑ دیا ہے ۔ حکومت نئے قرضے حاصل کرنے کے لیے عالمی مالیاتی اداروں سے رجوع کر رہی ہے اور اب سننے میں آ رہا ہے کہ 40 ارب روپے کے نئے ٹیکس عام آدمی پر لگائے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ میں میمن کمیونٹی سمیت پوری قوم سے یہ کہتا ہوں کہ وہ ان اداروں کو تباہ کرنے والی مافیاں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور ان کے خلاف تحریک میں ہمارا ساتھ دیں ۔ تقریب کے دوران بجلی چلی گئی ، جس کی وجہ سے بدمزگی دیکھنے میں آئی اور کچھ لوگوں نے گو نواز گو کے نعرے لگائے ، جس پر عمران خان نے کہا کہ گو نواز گو کا نعرہ لگانا گناہ نہیں ۔ اب پوری قوم کا نعرہ گو نواز گو ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات