کچھ عناصر عسکری اتحاد کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر پاک سعودی تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں، ڈاکٹر عبدالغفور راشد

سیاسی قوتیں جنر ل راحیل شریف کی تعیناتی کا خیر مقدم کریں، عزیر بلوچ کے ایرانی ایجنسیوں سے تعلقات پر حقائق سامنے لائے جائیں، پی یوسی کا اجلاس

اتوار 30 اپریل 2017 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2017ء) پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے چیرمین ڈاکٹر عبدالغفور راشد کی زیر صدارت مرکزی عہدیداروں کے اجلاس میں شام میں ہونے والی غیر ملکی بربریت اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مسئلے کے دیر پا حل کابھی مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں اس موقف کا اعادہ کیا گیا کہ شامی عوام کے مطالبے کے مطابق بشارالاسد حکومت کا خاتمہ ضروری ہے ، لیکن کسی قسم کی غیر ملکی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔

اجلاس میں قراردیاگیا کہ اتحاد امت ہر مسلمان کا خواب اور وقت کی ضرورت ہے، جس میں رکاوٹیں ڈالنے کے لئے اسلام اور مسلم دشمن قوتیں متحرک رہتی ہیں۔ حال ہی میں امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد آل طالب کا دورہ پاکستان کامیاب رہا کہ انہوں نے تمام مسالک کے ساتھ ملاقاتیںکر کے اتحاد امت کا پیغام دیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ اسلامی عسکری اتحاد کو کچھ عناصر فرقہ وارانہ رنگ دے کر سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں۔

سیاسی قوتوں کو حکومت کی طرف سے اسلامی ملٹر ی اتحاد کے کمانڈر کے طور پر جنر ل راحیل شریف کی تعیناتی کا خیر مقدم کرنا چاہیے۔یہ بھی کہا گیا کہ لیاری گینگ کے سرغنے عزیر بلوچ کے ایرانی ایجنسیوں کے حوالے سے الزامات سنگین نوعیت کے ہیں، اس پر وزارت داخلہ کو ریاستی پوزیشن واضح کرنی چاہیے اورغیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں۔

پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے رہنماوں نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں طالب علم مشال خان کی المناک موت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس قابل مذمت واقعہ کو معاشرے میں پائے جانے والی انتہا پسندی اور بے حسی کا اظہار قراردیا اور واضح کیا کہ اسلام کسی بے گناہ کی جان لینے کی اجازت نہیں دیتا ، یہ بھی واضح کیا گیا کہ گستاخ رسالت کی سزا موت ہے لیکن یہی الزام اگر ذاتی مقاصد کے لئے لگایا جائے تو ریاست کو ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کرنے چاہیں۔