چاغی ،دائودی قومی اتحاد نے بابائے چاغی پینل سے اپنی 35 سالہ اتحاد ختم کرکے پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا

اتوار 30 اپریل 2017 19:50

چاغی ،دائودی قومی اتحاد نے بابائے چاغی پینل سے اپنی 35 سالہ اتحاد ختم ..
چاغی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2017ء)دائودی قومی اتحاد نے بابائے چاغی پینل سے اپنی 35 سالہ اتحاد ختم کرکے پاکستان پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلے میں ایک جرگہ دائودی ہائوس میں منعقد کی گئی جہاں دائودی قومی اتحاد کے رہنمائوں، معتبرین اور کارکنوںنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جرگے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں ملک خدابخش سیاپاد،حاجی صاحب خان محمدحسنی، حاجی وارث ساسولی، دائودی قومی اتحاد کے رہنماء حاجی رمضان دائودی، چیئرمین اسماعیل ساگر، حاجی قادر بخش دائودی، وڈیرہ اسلم دائودی، عبدالواحد دائودی، پیپلز یوتھ کے رہنماء میر احمد حسنی اور پی ایس ایف کے رہنماء سنگت ثناء بہادرزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاغی کی عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈ النے والوں سے پائی پائی کا حساب لیں گے اور ووٹ کی طاقت سے سیاست کو کاروبار بنانے والوں کو مسترد کرکے انھیں نشان عبرت بنادیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ چاغی کی عوام کو میر عارف جان محمدحسنی جیسے ایماندار لیڈر کے قیادت کی ضرورت ہے کیونکہ کرپٹ نمائندوں اوردھونس و دھاندلی کے ذریعے ووٹ حاصل کرنے والوں سے چاغی کے باسی تنگ آچکے ہیں۔ دائودی قبائل کے رہنمائوںنے کہا کہ انہوںنے بابائے چاغی پینل کی ہمیشہ حمایت کی لیکن ہمیشہ انھیں ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا اور اب جب وہ پی پی پی کی حمایت کا اعلان کر رہے ہیں وہ کسی اوچھے ہتھکنڈے سے مرعوب نہیں ہوں گے اور نہ ایسے نمائندوں کو ووٹ دیں گے جو لوگوں کو زندگی کی بنیادی ضرورت پانی و دیگر سہولیات تک مہیا نہ کرسکیں۔انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آخر دم تک پاکستان پیپلز پارٹی کی پلیٹ فارم پر میرعارف جان محمدحسنی کی قیادت میں متحد رہیں گے۔